الحمد للہ !شعبہ ایچ آرڈی اوراسلامی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ کی جانب سےوفاق العلماء،تلنگانہ کے اشتراک کے ساتھ منعقد کردہ نہایت ہی بامقصد قرآنی اکتسابی پروگرام بنیادی تجویدکورس کے پہلے تین ادوار کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکے ہیں۔ تقریباً چار سو سے زائدمرد و خواتین نے کامیابی کے ساتھ اس کورس کی تکمیل کی ہے۔ پہلے دو مراحل میں یہ پروگرام صرف ارکان جماعت اسلامی ہند تلنگانہ، ممبران ایس آئی او، جی آئی او، اور آئیٹا تلنگانہ کے لیے ہی محدود کیا گیا تھا۔ لیکن اب اس پروگرام کو سبھی دلچسپی رکھنے والے افراد کے لئے کھول دیا گیا ہےاور رجسٹریشن شروع ہوچکے ہیں۔ تمام سیٹوں کی تکمیل کے ساتھ ہی رجسٹریشن بند کردیا جائے گا۔
اس کورس کی تکمیل کے بعدان شاءاللہ شرکائے کورس اس قابل ہوجائیں گے کہ:
• ناظرہ قرآن کے بنیادی پہلووں سے انہیں پوری واقفیت ہوجائے اور ناظرہ قرآن صحت کے ساتھ کرسکیں
• قرآن کے حروف کی حتی الوسع درست ادائیگی کرسکیں
• صحت لفظی اور ضروری قواعد تجوید کی رعایت کرتے ہوئے قرآن کی درست تلاوت کرسکیں
• اعراب کی اچھی طرح شناخت کرسکیں اور متن کی تلاوت کے دوران حتی الوسع ان کا ادراک بھی کرسکیں
• وہ رموز و اوقاف سے بڑی حد تک واقف ہو جائیں اور تلاوت قرآن میں ان کا حتی الوسع لحاظ رکھ سکیں۔
بنیادی کورس کی مدت ایک ماہ ہوگی۔ بنیادی تجویدکورس کا آغازان شاءاللہ یکم جولائی2021ء سے ہوگا۔اس کورس کا الحاق جماعت اسلامی ہند،حیدرآباد کی دو معروف دینی درسگاہوں جامعہ دارالہدیٰ اور جامعہ ریاض الصالحات سے ہے۔ کورس کی تکمیل کے بعد مرد حضرات کو جامعہ دارلہدیٰ سے اور خواتین کو جامعہ ریاض الصالحات سے اسنادات دی جائیں گی۔