جماعت اسلامی ہند ،حلقہ تلنگانہ کے شعبہ ادارہ جات کے زیرِ اہتمام اساتذہ کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد جدید تدریسی مہارتوں، بچوں کی نفسیات، تعلیمی قیادت اور ڈیجیٹل تعلیم پر ماہرین کے خطابات قائم مقام امیر حلقہ جنا ب ایم۔ این۔بیگ زاہد،ماہرِ تعلیم شاہد علی حسرت ، پروفیسر محمود صدیقی،جناب اقبال حسین ودیگر کی شرکت

جماعت اسلامی ہند ،حلقہ تلنگانہ کے شعبہ ادارہ جات کے زیرِ اہتمام حلقہ آفس مہدی پٹنم میں منعقدہ اساتذہ کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اس ورکشاپ میں مختلف اسکولوں کے 80 سے زائد اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں، کلاس روم مینجمنٹ، تعلیمی منصوبہ بندی، طلبہ کی نفسیات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے روشناس کرانا تھا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ادارہ جات جناب اقبال حسین نے اساتذہ کی مسلسل تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’ایک اچھا سیکھنے والا ہی ایک اچھا استاد بن سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے تعلیمی میدان میں نئے تقاضے پیدا کر دیے ہیں، جن سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت ناگزیر ہے۔پروگرام کے پہلے دن معروف ماہرِ تعلیم شاہد علی حسرت نے ’’مضمون کی منصوبہ بندی اور پیریڈ پلاننگ‘‘ کے موضوع پر عملی ورکشاپ منعقد کی۔ انہوں نے تدریس میں منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا اصل مرکز تدریس نہیں بلکہ طلبہ کا سیکھنا (Children Learning) ہونا چاہیے۔ ادارہ جات کی ٹیم کے رکن شفیق احمد نے اسکولوں کے وژن اور مشن پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔بعد ازاں Teach For India کے فیلو اور اکیرتہ فاونڈیشن کے بانی نعمان اشرف نے ’’Effective Classroom Management‘‘ کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کی، جس میں اساتذہ کو کلاس روم کے نظم و ضبط، طلبہ کی فعال شمولیت اور مثبت تعلیمی ماحول کی تشکیل کے عملی طریقے بتائے گئے۔ جناب حافظ محمد رشادالدین ،معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ،حلقہ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں رسول اکرم ﷺ بحیثیتِ معلم عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذہ کو قوم کا معمار قرار دیا اور ان پر اپنی ذمہ داریوں کو احساسِ جوابدہی کے ساتھ ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر عثمانیہ یونیورسٹی جناب عبدالصمد العمودی اور جناب مرزا رحمت علی بیگ نے جدید تدریسی طریقوں کا تعارف کروایا۔ورکشاپ کے دوسرے دن پروفیسر محمود صدیقی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ’’بچوں کی نفسیات‘‘ کے موضوع پر جامع ورکشاپ منعقد کی۔ انہوں نے طلبہ کی نفسیاتی ضروریات، کمرہ جماعت میں پیش آنے والے نفسیاتی چیلنجز اور ان کے موثر حل پر روشنی ڈالی۔ اساتذہ نے اس موضوع پر اپنے سوالات اور تجربات پیش کیے جن پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔پروفیسر سمیع صدیقی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ’’تدریس میں ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال‘‘ کے موضوع پر ورکشاپ پیش کی۔ انہوں نے جدید تعلیمی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل کلاس روم، آن لائن وسائل اور مصنوعی ذہانت (AI) کے تعلیمی استعمال کا تعارف کرواتے ہوئے اساتذہ کو عملی مشق بھی کروائی۔ریاضی کے ماہر فراز محی الدین، ایس سی ای آر ٹی کے ریسورس پرسن سید خالد اور محترمہ اسرا خاتون نے بالترتیب ریاضی، سائنس اور انگریزی کی تدریس میں پیش آنے والی مشکلات اور ان کے حل پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے جدید تدریسی حکمت عملیوں اور عملی مثالوں کے ذریعے تعلیمی عمل کو مزید موثر بنانے کے طریقے بیان کیے۔اختتامی اجلاس سے قائم مقام امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ،حلقہ تلنگانہ جنا ب ایم۔ این۔بیگ زاہد نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کو ملت اور قوم کی تعمیر کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی، اخلاقی تربیت اور سماجی تبدیلی کے عمل میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جدید مہارتوں سے خود کو آراستہ کرتے ہوئے نئی نسل کی فکری و اخلاقی رہنمائی کا فریضہ احسن انداز میں انجام دیں۔اس موقع پر جناب طارق شبیبی نے شعبہ ادارہ جات کی مختلف تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا، جبکہ فراز محی الدین نے دونوں دنوں کی کارروائی کا خلاصہ پیش کیا۔ پروگرام کے مختلف مراحل میں جمیل احمد، فراز محی الدین اور دیگر کارکنان نے انتظامی و تربیتی امور کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔شرکائے ورکشاپ نے اس دو روزہ تربیتی پروگرام کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے اس طرح کی تربیتی سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

Read More

پریس ریلیز   الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم : مرکزی تعلیمی بورڈ، جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی:مرکزی تعلیمی بورڈ (ایم ٹی بی)، جماعتِ اسلامی ہند نے الٰہ آباد ہائی کورٹ (لکھنؤ بنچ) کے 16 جنوری 2026 کو سنائے گئے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے آئینی حقوق کی توثیق کی گئی ہے اور اتر پردیش میں غیر منظور شدہ (غیر تسلیم شدہ) مدارس کے کام کاج سے متعلق قانونی صورتِ حال کو واضح کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب سید تنویر احمد، سکریٹری، مرکزی تعلیمی بورڈ ، جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ اقلیتی تعلیم کے حوالے سے دور رس اور طویل مدتی اثرات کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آئینِ ہند کے آرٹیکل 30 کی روح کو مضبوط کرتا ہے، جو مذہبی و لسانی اقلیتوں کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور ان کا نظم و نسق چلانے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے ملک بھر کے مدارس کے منتظمین کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

معزز عدالت نے ایک ایسے سرکاری حکم کو منسوخ کر دیا جس کے تحت ایک غیر منظور شدہ مدرسے کو بند اور سیل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ محض عدمِ منظوری کی بنیاد پر کسی مدرسے کو بند کرنے کا اختیار متعلقہ حکام کو دینے والی کوئی قانونی شق موجود نہیں ہے۔ عدالت نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وہ اقلیتی تعلیمی ادارے جو سرکاری امداد یا رسمی منظوری کے خواہاں نہیں ہیں، آئین کے آرٹیکل 30(1) کے تحت تحفظ کے حق دار ہیں۔ تاہم عدالت نے یہ بھی وضاحت کی کہ غیر منظور شدہ ادارے سرکاری گرانٹس کے حقدار نہیں ہوتے اور ایسے اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ اس وقت تک بورڈ امتحانات یا دیگر سرکاری سہولتوں کے اہل نہیں ہو سکتے، جب تک ادارہ باقاعدہ منظوری حاصل نہ کر لے۔

یہ فیصلہ آئینی تحفظات اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے درمیان ایک متوازن نقطۂ نظر پیش کرتا ہے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کو بند کرنے جیسا انتظامی اقدام بغیر کسی واضح قانونی اختیار کے جائز نہیں ہو سکتا، البتہ تسلیم شدہ اداروں کے لیے معیارات برقرار رکھنے میں ریاست کے جائز مفاد کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ مرکزی تعلیمی بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ آئینی بالادستی کی ایک اہم توثیق ہے اور اقلیتی حقوق اور تعلیمی نظم و نسق سے متعلق جاری مباحث کے درمیان نہایت ضروری وضاحت فراہم کرتا ہے۔ یہ فیصلہ ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ عدلیہ اقلیتی برادریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قانونی فریم ورک کی پاسداری کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

Read More

ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر، صدر جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ نےآج مستقر عادل آباد پر ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نےدرج ذیل نکات پر روشنی ڈالی

1. جماعت اسلامی ہند، ایک قومی سطح کی دینی و سماجی تنظیم ہے، جو گذشتہ 75 سال سے زیادہ عرصے سے ملک عزیز ہندوستان میں قوم و ملت کی مختلف خدمات انجام رہی ہے۔ یہ انسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی تعاون، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، مائیکرو فینانس، صلاحیتوں کے ارتقا اور معاشرتی وسماجی اصلاحات سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

2. جماعت کانگریس کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کی اس پہلو سے ستائش کرتی ہے اس نے انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے بعض وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ جماعت حکومت پر زور دیتی ہے کہ اردو اساتذہ کی خالی آسامیوں کو ڈی ایس سی (ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی) کے عمل کے ذریعے پُر کیا جائے۔ یہ آسامیاں ریزرویشن کے مسائل سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر برسوں سے خالی پڑی ہیں۔ جماعت نے اس معاملے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

‏3. HMPV وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں سوشل میڈیا کی چہ مگوئیوں کی روشنی میں، جماعت حکومت کو متوجہ کرتی ہے کہ عوامی خوف و ہراس کو روکنے کے لیے بیداری کے اقدامات فوری طور پر انجام دیے جائیں۔ جماعت نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات پر سنجیدگی کے ساتھ عمل درآمد کرے۔

4. عادل آباد میں یونیورسٹی کے دیرینہ مطالبہ کے ضمن میں تاخیر پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے، جماعت نے اس محاذ پر سست پیش رفت پر تنقید کی۔ ضلع میں یونیورسٹی کے قیام سے قبائلی اور مقامی برادریوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ قبائلی یونیورسٹی کے قیام کی توقعات کے باوجود افسوس ہے کہ آج تک بھی یہ مطالبہ پورا نہیں ہوا۔

5. جماعت منصفانہ اور کم سے کم امدادی قیمتوں (MSP) اور دیگر فوائد کا مطالبہ کرنے والے کسانوں کے جاری احتجاج کی حمایت کرتی ہے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کسانوں کو ملک کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر تسلیم کرے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری کارروائی کرے۔

6. جماعت ریاست تلنگانہ میں موجود کانگریس حکومت کی کابینہ میں مسلمانوں کی عدم نمائندگی پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور ایک سال سے زائد عرصے سے کئی اہم وزارتی عہدوں کے خالی رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیتی ہے کہ وہ ان عہدوں کو فوری طور پر پُر کرے۔

7. جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ملک بطور خاص ریاست تلنگانہ میں وقف املاک کے تحفظ اور ترقی کے لیے حکومت کی جانب سےمضبوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیتی ہے، اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ:

‏a ۔گزشتہ ایک دہائی کے دوران وقف بورڈ کی تمام اراضی الاٹمنٹ کی چھان بین کی جائےاور غیر قانونی الاٹمنٹ کو منسوخ کیا جائے۔

‏b ۔ سابق حکومت کے دورمیں متعارف کرائے گئے دھرانی پورٹل سے متاثرہ وقف املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

‏c۔ وقف کے مقاصد کے مطابق غیر محفوظ وقف اراضی کو مسلم تنظیموں کو سونپ کر ان کی حفاظت اور مناسب انتظام کو یقینی بنایا جائے۔

جماعت اسلامی ہند انصاف اور مساوات کی بھر پور وکالت کرتی ہے اور ملک میں سماجی، تعلیمی اور فرقہ وارانہ مسائل کو حل کرنے کے لیے وقف ہے۔

Read More

آنے والے پنچایت انتخابات میں بی سی کمیونٹی کا رول

 آنے والے پنچایت انتخابات میں بی سی کمیونٹی کا رول کے موضوع پر بی سی انٹلیکچویلس فورم کی جانب سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے آئے بی سی قائدین کی میٹنگ گریجویٹ ایم ایل سی چنتا پنڈو نوین کمار المعروف تین مار ملنّا کی قیادت میں منعقد ہوئی۔
اس میٹنگ میں معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب عبد المجید شعیب نے تقریر کرتے ہوئے جیوتی با پھولے کو بھارت رتن ایوارڈ دینے اور پنچایت انتخابات میں بی سی طبقات کو ان کی آبادی کے تناسب سے سیاسی ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا۔
اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ سے کمزور اور دبے ہوئے طبقات کا ساتھ دیا ہے، ہمیں جیوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھولے کے ساتھ فاطمہ شیخ اور عثمان شیخ کے تعاون کو نہیں بھولنا چاہیے، جنہوں نے جیوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھولے کو اپنے گھر میں پناہ دیتے ہوئے نہ صرف اسکول کے قیام میں بھرپور تعاون دیا، بلکہ فاطمہ شیخ نے اس اسکول میں ٹیچر کے فرائض بھی انجام دئے، جبکہ پونہ کے اعلیٰ ذات والوں نے جیوتی با پھولے کا سماجی بائیکاٹ کر رکھا تھا،
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو دستور ساز اسمبلی میں پہونچانے میں مسلم لیگ کے تعاون کو بھی یاد دلایا اور کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کو قانون ساز اسمبلی سے دور رکھنے کی سازش کامیاب ہوچکی تھی اور وہ بامبے میں انتخاب ہار چکے تھے، تاہم اس وقت مسلم لیگ نے بنگال سے امبیڈکر کو جتوا کر قانون ساز اسمبلی میں پہونچایا،
اس ملک کے مسلمانوں نے سماجی اصلاح کی ہر تحریک کی تائید کی اور اپنا رول ادا کیا،
آج بھی ہم جماعت اسلامی اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے بی سی طبقات کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Read More

رپورٹنگ کی مہارت پر آن لائن لیکچر

جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی جانب سے “رپورٹنگ مہارت، 21 ویں صدی کی ایک اہم ضرورت” کے موضوع پر آن لائن لیکچر کا انعقاد کیا گیا، اس لیکچر کو ڈاکٹر محمد ریاض، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ، عالیہ یونیورسٹی، نے دیا۔
ڈاکٹر ریاض نے موجودہ دور کے میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں اور صحافت کے میدان میں رپورٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے درست، حقائق پر مبنی اور بروقت رپورٹنگ کس قدر ضروری ہیں اس کو اجاگر کیا، انہوں نے اپنے لیکچر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رپورٹنگ نہ صرف رائے عامہ کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، بلکہ جمہوریت کی بنیادوں کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ اس دور میں سوشل میڈیا اور سیٹیزن جرنلسزم نے روایتی صحافت کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے، جھوٹی خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سچی اور درست معلومات کو یقینی بنانا چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد مبشر الظفر، امیر حلقہ تلنگانہ، نے مہمان مقرر ڈاکٹر ریاض کا خیر مقدم کیا اور تنظیموں میں رپورٹنگ کی اہمیت پر گفتگو کی۔
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے شعبہ ایچ آر ڈی کے تحت منعقدہ اس لیکچر میں 250 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ایس۔ ایم۔ فصیح اللہ، ڈائریکٹر ایچ آر ڈی، نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کیا۔

Read More