PRESS NOTE
جماعت اسلامی ہند شہرحیدرآباد کی جانب سے 12تا 26 جولائی،پندرہ روزہ آن لائن دعوتی واصلاحی مہم
افتتاحی سیشن سے امیر حلقہ حامدمحمدخان‘ناظم شہرحافظ محمدرشاد الدین ودیگرکا آن لائن خطاب
آج ساری دنیا ایک سادہ آنکھ سے نظر نہ آنے والے وائرس سے پریشان ہے۔ لوگ اپنی صحت وزندگی کو لیکرمتفکرہیں کسی کوکچھ سجھائی نہیں دے رہا ہے۔ ہر طرف موت کا خوف اور اسکے سائے نظر آرہے ہیں۔ آخر اس عذاب وآزمائش و عذاب کوکیوں مسلط کیا گیا۔کیا وجہ ہے کہ رب العالمین ناراض ہے۔یہ وہ موقع ہے جب انسان کوتوبہ کرتے ہوئے اپنے رب کی طرف پلٹنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت جہاں مسلمانوں کو اپنی اصلاح کی طرف توجہ دلانے کی ضرورت ہے وہیں غیرمسلموں کودعوت دین سے آشنا کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ آج کے حالات میں لوگوں سے ملاقاتیں دشوار ہیں لیکن عوام کی بڑی تعداد اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا سے ضرور وابستہ ہے۔ لہٰذا جماعت اسلامی ہند شہرعظیم ترحیدرآباد نے بڑے پیمانہ پرمسلمانوں اور غیرمسلموں میں سوشل میڈیا کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے دعوت دین اور اصلاح معاشرہ کے تحت 15روزہ آن لائن مہم بعنوان ”کووڈنائنٹین کا سبق، پلٹو اپنے رب کی طرف“ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہم 12تا26جولائی2020 جاری رہے گی۔ اس مہم کے ذریعہ سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمس،(زوم،یوٹیوب‘ فیس بک‘ ٹویٹر، انسٹا گرام، واٹس ایپ‘ بلاگس)ودیگرکو استعمال کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کی عوام کے بڑے حصہ تک دین کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ مہم کا افتتاحی آن لائن پروگرام بذریعہ ’زوم‘ بہ صدارت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ محترم حامدمحمدخان منعقد ہوا۔جناب انعام اللہ خاں کے درس قرآن سے پروگرام کا آغاز عمل میں آیا بعدازاں ناظم شہرجماعت اسلامی ہندعظیم تر حیدرآباد حافظ محمدرشاد الدین نے اپنے افتتاحی خطاب میں مہم کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ انسانی میں جب کبھی اس طرح کی آزمائشیں آئی ہیں نبیوں کی یہ سنت رہی ہے کہ عاجزی کے ساتھ رب تعالیٰ سے معافی مانگیں اورکثرت سے دُعائیں کریں۔ قرآن میں بھی اس طرح کے واقعات کا تذکرہ ملتا ہے کہ آزمائشیں دراصل انسانوں کے لیے ایک وارننگ ہیں کہ وہ اپنے رب کی طرف پلٹیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت استغفار کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ استغفار سے بلائیں ٹال دی جاتی ہیں۔ حافظ محمدرشاد الدین نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کی جانب پہلی مرتبہ آن لائن دعوتی واصلاحی مہم کا آغاز ہونے جارہا ہے، انہوں نے تمام ارکان،کارکنان ومتفقین (مردوخواتین)سے اپیل کی کہ اس مہم کا حصہ بنیں لوگوں کورب سے جوڑنے کا کام کریں۔ آج وائرس کے خوف اور ڈر کی وجہ سے لوگوں کے دل نرم ہیں ایسے میں انہیں راہ راست پر لانے کا کام آسانی سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آن لائن مہم اُردو‘تلگو اور انگریزی زبانوں میں چلائی جائے گی۔مہم کے دوران دعوتی نقطہ نظر سے شارٹ ویڈیوکلپس بنائے جائیں گے۔محترم امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اسوقت ہر شخص اپنے رب کو یادکررہا ہے‘رب سے لولگائے چارونہ چار اس کوپکاررہا ہے،ایسے ماحول میں ہم بندگان خدا تک اس کا پیغام پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کام سوزودردکا کام ہے۔فریضہ اقامت دین ہمارا منصبی فریضہ ہے۔انہوں نے عامۃ المسلمین سے بھی اپیل کی ہے وہ بھی اس مہم میں شامل ہوں اوراسے کامیاب بنائیں۔جناب سہیل عباس نے فیس بک،جناب انس رضوی نے ٹویٹر و واٹس ایپ اورجناب حسیب شیخ نے آن لائن بلاگس کے موثر استعمال سے متعلق معلومات پیش کیں۔ جناب ڈاکٹر ساجد عباسی نے بھی اس موقع پر مخاطب کیا۔سکریٹری جماعت اسلامی ہند حیدرآبادانجینئر اعظم علی بیگ نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔