خاطی کو کیفرکردار تک پہنچانے اور متوفیہ کے ساتھ جلد انصاف کا مطا لبہ : امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان
Press Note
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے ایک وفد نے امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں معین آباد میں کل پیش آئے عصمت ریزی و قتل واقعہ کی متاثرہ کے افراد خاندان سے انکے گھر پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کی پرسہ دیا اور مالی امداد بھی کی۔اسکے علاوہ متعلقہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی مانگ کی۔واضح رہے کہ اس واقعہ کو ابتد اء میں خودکشی بتانے کی کوشش کی جارہی تھی لیکن مقامی عوام اور میڈیا نے واقعہ کی حقیقت کو آشکار کیا۔دراصل مدھو یادو نامی،درندہ صفت شخص کچھ عرصہ سے غریب مسلم لڑکیوں کی معاشی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر انکا استحصال کر رہا تھااور پھر اس نے مبینہ طور پر ایک معصوم لڑکی کو اپنی حوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرتے ہوئے اس واقعہ کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے حکومت،پولیس اور انتظامیہ سے اپیل کی کے نربھئے ہو کر نربھیاء ایکٹ کا خاطی کے خلاف استعمال کیا جائے اور اس گھناؤنے جرم کے مرتکب کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔تاکہ اس غریب مسلم خاندان کے ساتھ انصاف ہواور اسطرح کے واقعات کا مسقبل میں تدارک ہوسکے۔امیر حلقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان جو کہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہا ہے انہیں فوری ایکس گریشیاء دیاجائے اور ڈبل بیڈ روم مکان بھی متوفیہ کی بہن کو دیا جائے جو اس وقت سخت صدمہ سے دوچار ہے۔متوفیہ کے افراد خاندان سے ایک فرد کو نوکری بھی فراہم کی جائے۔ساتھ ہی فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلاتے ہوئے مجرم کو سزا دی جائے اور اس واقعہ میں ملوث دیگر مجرمین کو بھی سامنے لایا جائے۔جماعت اسلامی کے وفد میں جناب محمد اظہر الدین،سکریٹری رابطہ عامہ،جناب ایم این بیگ زاہد،سکریٹری اسلامی معاشرہ،ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری ملی امور،جناب عبدالہادی پٹیل ناظم ضلع وقارآباد،جناب قدرت اللہ و دیگر موجود تھے۔
پریس سکریٹری