جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ کی معروف شخصیت و سابق امیر حلقہ گجرات مولانا محمد عبدالغفور کا سانحہ ارتحال
امیر جماعت اسلامی ہند محترم سید سعادت اللہ حسینی وامیر حلقہ تلنگانہ محترم حامد محمد خان کا اظہار تعزیت
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی بزرگ و معتبر شخصیت و سابق امیر حلقہ گجرات مولانا محمد عبدالغفور صاحب طویل علالت کے بعد 27 /نومبر بروز جمعہ بعمر 82 سال‘ اپنے رب حقیقی سے جاملے۔ اُن کے سانحہ ارتحال پر امیر جماعت اسلامی ہند محترم سید سعادت اللہ حسینی نے اظہار تعزیت کر تے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم ایک بہترین مربی اور انسان ساز شخصیت تھے۔ حیدرآباد کی معروف درس گاہ جامعہ دارالھدیٰ میں ایک مربی کی حیثیت سے اُنہوں نے سینکڑوں نوجوانوں کی علمی و فکری اور عملی تربیت فرمائی۔ مرحوم جماعت اسلامی ہند گجرات کے امیر حلقہ بھی رہے۔ مرحوم کا تعلق مستقر عادل آباد سے تھا۔اُنہوں نے ناظم جماعت اسلامی ہند عادل آباد کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ جناب عبدالغفور صاحب مرحوم اپنے عمر کے ابتدائی حصہ ہی سے تحریک اسلامی سے وابستہ ہوئے اور تا دم حیات وابستہ رہے۔ایمرجنسی کے زمانے میں مرحوم طویل عرصہ تک قید و بند کی مشقتیں برداشت کیں۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے مرحوم کے مکان پہنچ کر اُن کے فرزندان اور متعلقین سے ملاقات کی اور اُنہیں پُر سہ دیا۔ امیرحلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ساتھ میری کئی یادیں جڑی ہوئی ہیں آج میں اپنے ایک عزیز سے محروم ہو گیا ہوں۔امیر حلقہ نے کہا کہ مرحوم نے اپنے حسن انتظام اور اپنی مربیانہ صلاحیتوں سے جامعہ دارالھدیٰ کو نئی بلندیاں عطا کیں۔ اور یہ جامعہ دارالھدی کی تاریخ کا سب سے روشن دور تھا۔ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ مرحوم ایک خوش مزاج‘ ملنسار‘ اصول پسند اور پابند شریعت شخصیت کے حامل تھے۔ اپنے شاگردوں ہی سے نہیں بلکہ تحریک کے کم عمر وابستگان سے بھی وہ نام بہ نام واقف رہتے۔ذمہ داران جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد نصیر الدین‘ جنرل سکریٹری‘ جناب محمداظہر الدین‘ جناب سید عبدالباسط انور‘ جناب ایم این بیگ زاہد‘ ناظم شہر حافظ محمد رشاد الدین نے مرحوم کے سانحہ ارتحال پر تعزیت کر تے ہوئے مرحوم کے انتقال کو ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان قرار دیا۔ ساتھ ہی مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا کی۔ مرحوم پروفیسر محمد خالد مبشر الظفر سکریٹری شعبہ ایچ آر ڈی حلقہ تلنگانہ کے والد تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ 28 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز فجر ا سلامک سنٹر ٹولی چوکی میں ادا کی گئی۔ لواحقین میں اہلیہ کے علاوہ پانچ فرزندان اور چھ دختران شامل ہیں۔ مزید تفصیلات کے لئے مو بائیل نمبر 9866685248ربط کیا جاسکتا ہے۔
پریس سکریٹری