مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کا سخت نوٹ


مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے ریاست اور ملک کے مختلف مقامات پر پی ایف آئی کے خلاف این آئی اے اور ای ڈی کے دھاؤں کی سخت مذمت کر تے ہوئے کہا کہ ان دھاؤں کا مقصد باالواسطہ طور پر مسلمانوں کو خوف زدہ کر نا اور نوجوانوں کے حوصلوں اور ہمت کو پست کرنا ہے۔ مرکزی حکومت فسطائی عناصر کے نرغے میں ہے اور ملک میں جمہوری اداروں‘ حقوق انسانی کے جہد کاروں اور صحا فیو ں کو نشانہ بناتے ہوئے حق و انصاف کی آواز کو ختم کرنے کے درپہ ہے۔ حکومت ان عناصر اور تنظیموں کی غیر معلنہ سرپرستی کر رہی ہے جو نہ صرف نفرت اور تشدد میں ملوث ہیں بلکہ کھلے عام دہشت گردی کوفروغ دے رہی ہیں۔ حکومت کا یہ رویہ دستور ہند کی بالادستی کے لئے چیلنج بن چکا ہے۔ ملک کی دوسری بڑی اقلیت کو مسلسل نشانہ بنانا ان کی مقدس ہستیوں کے خلاف گستاخی کرنا‘ مقدس کتاب اور مساجد کو نشانہ بنانا اور مسلم پرسنل لا کے خلاف نت نئے اعتراضات کرنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ جس کی وجہہ سے ملک کی سب سے بڑی اقلیت عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔ جبکہ ملک کی سا لمیت اور ترقی اَمن اور بھائی چارہ سے ہی ممکن ہے۔مولانا حامد محمد خان نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلا وجہہ بے قصور افراد کی گرفتاریوں پر روک لگائے اور جمہوری اداروں کی کارکردگی کو متاثر نہ کرے۔ آخر میں انہوں نے این آئی اے کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ بلا ثبوت کے وہ عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررہی ہے۔