پریس نوٹ
امت مسلمہ‘ ابراھیمیؑ مشن، اقامت دین کی علمبرداربنے۔
ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ڈاکٹرمحمدمبشراحمد کی جانب سے عامتہ المسلمین کوعیدالاضحی کی مبارکباد
ناظم شہرجماعت اسلامی ہندعظیم ترحیدرآباد ڈاکٹرمحمدمبشراحمدنے عامۃالمسلمین کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ اپنے صحافتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سنت ابراھیمؑ کی یاد تازہ کرتی ہے۔ ملت ابراھیمیؑ کا فرد ہونے کی حیثیت سے ہم یکسوئی کے ساتھ حنیفیت،ابراھیمیؑ مشن،دعوت توحید اور اقامت دین کے علمبردار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ موقع جہاں جذبہ قربانی کو پروان چڑھاتا ہے وہیں غریبوں اور ضرورتمندوں کی ضرورتوں کوپورا کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ڈاکٹرمحمدمبشراحمدنے کہا کہ قربانی کے ایام میں صرف قربانی کا عمل ہی اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔ لہٰذا مسلمان حتی الامکان قربانی کا اہتمام کریں۔ انہوں نے عیدکے موقع پر پاکی وصفائی کو اختیارکرنے کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ راستوں اور گذرگاہوں پر قربانی نہ کریں۔ صفائی،ستھرائی کا مکمل خیال رکھیں۔ اپنے عمل سے کسی کو ایذانہ پہنچائیں۔ قربانی کے بعد خون،فضلات اور زائداجزاء کو دفن کردیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں۔ آخرمیں اپنے دُعائیہ کلمات میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو ہم سب کے لیے عیدسعید بنائے۔ تمام مسلمانوں بالخصوص حجاج کرام کے حج ودیگر عبادتوں کو قبول کرے اور اُمت مسلمہ پررحم و کرم کا معاملہ فرمائے۔