جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے تقریباً چالیس اسمبلی حلقہ جات کے ذمہ داروں کا ایک اجلاس ٥ نومبر٢٠٢٣ دفتر حلقہ لکڑکوٹ پر منعقد ہوا
امیر حلقہ نے اپنی ابتدائی گفتگو میں اس سیاسی جدوجہد کے چار مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کون جیت درج کرتا یے، بلکہ اہم یہ ہیکہ جماعت اسلامی اس انتخابی سرگرمی کے نتیجہ میں ابھر کر سامنے آئے۔ ووٹر انرولمنٹ کا کام ہو، رائے دہی کے فیصد کو بڑھانے کی کوشش کی جائے، رائے عامہ کو ہموار کیا جائے، شعور بیداری کا کام کیا جائے۔
کنوینر سیاسی کمیٹی و معاون امیر حلقہ جناب عبد المجید شعیب نے اجلاس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کے ذریعہ ساری ریاست میں جماعت کی انتخابات سے متعلق سرگرمیاں تیز تر ہوں۔
اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر جو کوششیں طئے کی گئیں ان میں عوامی جلسے ‘کارنر میٹنگیں’ علماء و دانشوروں کی میٹنگیں’ برادران وطن کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگیں ‘ گھر گھر ملاقاتیں ‘ ووٹروں کے شعور کو بڑھانے کے لئے جمعہ کے خطبے ‘ پمفلٹوں کی تقسیم ‘ مسلم نوجوانوں کی میٹنگیں ‘ خواتین کے ذریعہ خواتین میں سیاسی شعور کی بیداری اور ان کے رائے دہی کے تناسب کو بڑھانے کی کوششیں شامل ہیں۔
تمام انچارجس کو ہدایت دی گئی کے اپنے حلقہ انتخاب میں مکمل اور جامع منصوبہ بندی کریں، رائے عامہ کی مثبت تبدیلی کے میقاتی مشن کو اس انتخابی جدوجہد کے ذریعہ بھرپور کامیاب کریں، اگلے پچیس دن ہم شبانہ روز محنت کریں اور روزانہ اپنی سرگرمیوں کی رپورٹ سیاسی کمیٹی کو روانہ کریں۔
حلقہ کا ڈیٹا سینٹر اور آئی ٹی سیل تشہیری و تجزیاتی مواد کی تیاری میں مدد کریگا
اوپن فورم میں انچارجس نے مختلف سوالات بھی کئے اور اپنے حلقہ کی صورتحال کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی اور آئندہ کے منصوبہ بندی سے متعلق اہم نکات پیش کئے۔ اجلاس میں اضلاع عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، کھمم، کوتہ گوڑم، نرمل، حیدرآباد، پداپلی، ورنگل، جنگاؤں، بھونگیر، ظہیرآباد کے علاوہ کئی دیگر مقامات کے نمائندے بھی شریک رہے