بسم اللہ الرحمن الرحیم
PRESS NOTE 
30-07-2020
 
عامۃ المسلمین کو امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندتلنگانہ مولانا حامدمحمدخان کی جانب سے 
عیدالاضحی کی مبارک باد
اللہ کے نزدیک قربانی و الے ایام میں قربانی سے بڑھ کر محبوب عمل کوئی نہیں۔ 
 
عیدالاضحی اس وقت سارے عالم میں سخت حالات کے دوران منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر اپنے صحافتی بیان میں مولانا حامدمحمدخان امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے تمام مسلمانوں کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانی اللہ کے نبی حضرت ابراھیم علیہ السلام کی سنت ہے اور ایک عظیم الشان عبادت ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کی رضا کا بہت بڑاذریعہ بھی ہے۔ اللہ کے نزدیک قربانی و الے ایام میں قربانی سے بڑھ کر محبوب عمل کوئی نہیں چنانچہ ان تمام افراد کو قربانی کرنی چاہئے جو اس کی استطاعت رکھتے ہوں۔ مولانا حامدمحمدخان نے اس یقین کا اظہارکیا کہ ان شاء اللہ یہ عید‘ ملت اسلامیہ‘ ملک اور سارے عالم کے لیے مبارک ثابت ہوگی۔ آپ نے مزید کہا کہ ملک وعالم اسلام کے موجودہ حالات میں یہ عید قرباں تمام مسلمانوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ وہ محض جانوروں کی قربانی ہی تک اس کو محدود نہ سمجھیں بلکہ اسلام کے لیے اپنی ہر چیز کوقربان کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔یہی جذبہ قربانی دراصل امت کو نئی زندگی عطا کرے گااور اسکے ذریعہ ہرقسم کے حالات کا مقابلہ کرسکیں گے۔مولانا نے اس موقع پرتمام مسلمانوں سے خواہش کی کہ جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے صفائی ونظافت کا خاص خیال رکھیں اور پڑوسیوں وراہگیروں کے لیے کسی بھی قسم کی مشکلات پیدا نہ کریں تاکہ اس سے اسلام کی صحیح تصویر لوگوں کے سامنے آئے۔امیرحلقہ نے دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ حجاج کرام کے حج کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرماکرحج مبرور کا درجہ عطا فرمائے اورتمام عالم اسلام کے مسلمانوں کی عبادتوں،دُعاؤں اورقربانی کے عمل کوقبول فرمائے۔اس وقت دنیاجس طرح وباء کا شکار ہے اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل وکرم سے اس وباء کا خاتمہ فرمائے۔ 
 
    پریس سکریٹری