آنے والے پنچایت انتخابات میں بی سی کمیونٹی کا رول
آنے والے پنچایت انتخابات میں بی سی کمیونٹی کا رول کے موضوع پر بی سی انٹلیکچویلس فورم کی جانب سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے آئے بی سی قائدین کی میٹنگ گریجویٹ ایم ایل سی چنتا پنڈو نوین کمار المعروف تین مار ملنّا کی قیادت میں منعقد ہوئی۔
اس میٹنگ میں معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب عبد المجید شعیب نے تقریر کرتے ہوئے جیوتی با پھولے کو بھارت رتن ایوارڈ دینے اور پنچایت انتخابات میں بی سی طبقات کو ان کی آبادی کے تناسب سے سیاسی ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا۔
اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ سے کمزور اور دبے ہوئے طبقات کا ساتھ دیا ہے، ہمیں جیوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھولے کے ساتھ فاطمہ شیخ اور عثمان شیخ کے تعاون کو نہیں بھولنا چاہیے، جنہوں نے جیوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھولے کو اپنے گھر میں پناہ دیتے ہوئے نہ صرف اسکول کے قیام میں بھرپور تعاون دیا، بلکہ فاطمہ شیخ نے اس اسکول میں ٹیچر کے فرائض بھی انجام دئے، جبکہ پونہ کے اعلیٰ ذات والوں نے جیوتی با پھولے کا سماجی بائیکاٹ کر رکھا تھا،
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو دستور ساز اسمبلی میں پہونچانے میں مسلم لیگ کے تعاون کو بھی یاد دلایا اور کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کو قانون ساز اسمبلی سے دور رکھنے کی سازش کامیاب ہوچکی تھی اور وہ بامبے میں انتخاب ہار چکے تھے، تاہم اس وقت مسلم لیگ نے بنگال سے امبیڈکر کو جتوا کر قانون ساز اسمبلی میں پہونچایا،
اس ملک کے مسلمانوں نے سماجی اصلاح کی ہر تحریک کی تائید کی اور اپنا رول ادا کیا،
آج بھی ہم جماعت اسلامی اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے بی سی طبقات کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔