منی پور میں جاری دہشت وبربریت کی شدید مذمت،حکومت امن کی فضا کوفوری بحال کرے
امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمدخالدمبشرالظفرکامذمتی بیان
منی پور واقعات پر اظہارتشویش اور سخت مذمت کرتے ہوئے امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمدخالدمبشرالظفرنے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ پچھلے تین مہیوں سے منی پور تشدد کی لپیٹ میں ہیفرقہ وارانہ منافرت اور طبقاتی و مذہبی انتہاپسندی شمال مشرق کی اس ایک چھوٹی سی ریاست پر اپنا تسلط جمائے ہوئے ہے۔ریاستی و مرکزی حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے بلکہ ایسا لگتا ہے کہ بعض طاقتور سیاسی عناصر شدت پسند عسکری گروہوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔نفرت و عداوت کے ماحول نے انسانی جان و آبرو کی اہمیت ختم کردی ہے۔مذہبی و طبقاتی جنون انسانیت کو شرمندہ کررہا ہے۔آتشزنی لوٹ مار اور قتل و غارتگری ہی کیا کم تھے کہ معصوم خواتین کو برہنہ سڑکوں پر گشت کروایا جارہا ہے۔امیرحلقہ ڈاکٹرمحمدخالدمبشرالظفرنے کہا کہ جماعت اسلامی ہندتلنگانہ ان واقعات کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت ہند سے اپیل کرتی ہیکہ وہ منی پور میں جاری اس دہشت و بربریت پر قابو پانے کے لئے ہرممکن ضروری اقدامات کرے اور ریاست کی پرامن فضا کو بحال کرے۔جماعت اسلامی ہند،حکومت تلنگانہ سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ ہماری ریاست کو فرقہ وارانہ منافرت کی اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے بھرپور کوشش کرے اور شرپسند عناصر کو لگام دے اور انہیں قانون کا پابند بنائے۔جماعت اسلامی ہندتلنگانہ تمام سماجی مذہبی فلاحی اور انسانی و شہری حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ اس موقع پر متحد ہوکر سماجی سطح پر اتحاد و بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کریں اور سب ملکر حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ ملک میں امن و امان کی فضا کو حقیر سیاسی مفادات کی خاطر نقصان پہونچنے نہ دیں۔امیرحلقہ نے کہا کہ ظالموں اور امن دشمن عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایاجائے اور عوام کی جان ومال،عزت وآبرو کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے۔