قرآن مجید سب کی کتاب ہے
قرآن کے پیغام اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات سے برادران وطن کو واقف کروانے کی ضرورت پر زور
علماء اکرام کے اجلاس سے مولانا حامد محمد خان،مفتی تنطیم عالم قاسمی،مفتی محبوب شریف نظامی،مولانا شاہد قاسمی،مفتی سراج الہدی الازہری و دیگرکا اظہار خیال
اس وقت ساری انسانیت کو اسلام کے پیغام سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ برادران وطن سے دوستانہ روابط بڑھائیں‘اسلام اور مسلمانوں سے متعلق ان میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کریں ان خیالات کا اظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان صاحب نے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام علماء کرام و اکابرین ملت کے خصوصی مشاورتی اجلاس بعنوان”موجودہ حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں“ کے موقع پر مسجد صالحہ قاسم ؒ بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد میں کیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ علماء کرام ستاروں کی مانند ہے‘ اگر علما ء کرام متحدہ طور پر کوشش کریں تو ملک و ملت کی قسمت بدل سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ علماء کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے مسلمانوں کو ارتداد کے فتنہ سے چوکس اور چوکنا رہنے کا بھی مشورہ دیا۔ ساتھ ہی مساجد اور مکاتب کے ذریعہ تعلیم بالغان و بالغات کے پروگرام چلانے اور مسلم نوجوانوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ تحفظ ایمان و شریعت‘ فرقہ پرستی و ظلم کے خلاف حکمت عملی‘ بین مذاہب شادیاں و مسلم نوجوان اور ارتداد اسباب و تدارک جیسے اہم اور نازک موضوعات و مسائل سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں تمام مسالک و مکاتب فکر کے جید علماء کرام و اکابرین ملت شریک تھے۔ اور سب ہی نے ایک آواز ہو کر متحدہ طور پر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مولانا مفتی تنظیم عالم قاسمی‘ استاذ حدیث دارالعلوم سبیل السلام نے اس موقع پر کہا کہ ہم حالات سے مایوس نہ ہوں بلکہ مسلسل جد و جہد کے ذریعہ حالات تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ہر عالم‘ داعی بنے اُنہو ں نے مزید کہا کہ جمعہ کے موقع پر دیے جانے والے اُردو خطبات میں سماجی موضوعات کو شامل کریں تا کہ قوم و ملت کی بروقت رہنمائی ہو سکے۔ مولانا تنظیم عالم قاسمی صاحب نے علماء کرام سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے قائم کی گئی تنظیم وفاق العلماء تلنگانہ جو مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کا متحدہ پلیٹ فارم ہے کو مضبوط کیا جائے۔مولانا شاہد قاسمی استاذ و ناظم تعلیمات المعہد العالی الاسلامی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں چاہیے کہ آپس میں ایک دوسرے کا احترام کریں اور ہر کام کا احترام ہو۔ مولانا ظہیر صادق حسامی نے کہا کہ ہم بچوں کے لئے نمونہ بنیں اور گھر و ں میں مثالی اسلامی ماحول پروان چڑھائیں۔جناب ایم۔ این بیگ زاہد سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ نے کہا کہ وفاق العلماء تلنگانہ کا مقصد اعلاء کلمتہ اللہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے اجتماعی جدو جہد کرناہے۔اُنہوں نے علماء کرام سے وفاق العلماء میں شامل ہونے کی اپیل کی۔مفتی مقیم الدین سبیلی نے کہا کہ مساجد میں قائم مدارس و مکاتب سے بچوں کو قریب کیا جائے۔مولانا انس ندوی نے کہا کہ قرآن مجید سب کی کتاب ہے اور اس کی تعلیمات سب کے لئے ہیں۔ مولانا مفتی محبوب شریف نظامی صدر وفاق العلماء عظیم تر حیدرآباد‘ مولانا مفتی سراج الہدیٰ ندوی الازہر(سبیل السلام)‘ مولانا مفتی عمر عبدالقوی‘ مولانا یوسف خان‘ مولانا سید توفیق (جامعۃ الطاہرات)‘ ناظم شہر جماعت اسلامی ہند حیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین‘ جناب محمد عماد الدین‘ جناب محمد عمران امرائے مقامی یاقوت پورہ وبہادرپورہ واراکین شوریٰ یاقوت پورہ ودیگر معزز و قابل احترام علماء کرام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ محترم حافظ و قاری عمران بن ہاشم العبیس خطیب مسجد صالحین کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جناب محمد عبدالحفیظ اسلامی ناظم رابطہ برائے علماء کرام و مدارس اسلامیہ یاقوت پورہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ مولانا مفتی محبوب شریف نظامی صاحب کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ مفتی محمد عبدالفتاح عادل سبیلی امام و خطیب مسجد حفیظیہ نے پروگرام کی نظامت کی۔
بتاریخ:31،اکتوبر،2021