مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات کے ذریعہ حالات کو مکدر کرنے نا پاک و منصوبہ بند سازش
حکومت اور انتظامیہ فتنہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے: ناظم ِ شہر حافظ محمد رشاد الدین
ناظم ِ شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد حافظ محمدرشاد الدین نے اپنے صحافتی بیان میں گوشہ محل رکن اسمبلی کی جانب سے شان ِ رسالت ﷺ میں گستاخانہ کلمات کے ذریعہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر شدید مذمت کا اظہار کیا۔ناظم ِ شہر نے کہا کہ اس طرح کے بیانات کے ذریعہ حالات کو مکدر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان شان ِ رسالت ﷺ میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کرسکتے۔ اُنہوں نے مزیدکہا نے کچھ روز قبل ہی زعفرانی پارٹی کے مرکزی ترجمان کی جانب سے متنازعہ بیان اور اب حیدرآباد کے رکن اسمبلی جو ہمیشہ سے ہی اس طرح کے بیانات کے ذریعہ مذہبی منافرت پھیلاتا رہا ہے کا یہ بیان زعفرانی پارٹی کی منصوبہ بند سازش کا حصہ معلوم ہو تاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے رکن اسمبلی کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے جبکہ فوری برخواست کیا جانا چاہیے تھا جو اس بات کو ظاہر کر تا ہے کہ یہ رسمی کاروائی کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیں اور اَمن و اَمان کی برقراری کے لئے غیر سماجی عناصر پر گہری نظر رکھیں تا کہ فرقہ پرست عناصر کو فتنہ پھیلانے کا موقع نہ مل سکے۔