مولانا محمد جعفر نائب امیر جماعت‘ مولانا حامد محمدخان‘ جناب ایم۔این۔بیگ زاہد و دیگر کا خطاب

ڈاکٹر محمد رفیع الدین فاروقی کی کتابوں کا رسمِ اجراء


جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام ملک گیر سطح پر رجوع اِلیٰ القرآن مہم‘ /14 تا /23 اکٹوبر 2022 منائی جارہی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان‘ قرآن مجید سے اپنا تعلق مضبوط کریں۔ اس ضمن میں جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم پر خطاب عام کا انعقاد عمل میں آیا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے پروگرام کی صدارت کی۔ دہلی سے تشریف لائے مہمان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی ہندمولانا محمد جعفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی ترقی و تنزل قرآن مجید سے وابستہ ہے اگر ہم قرآن مجید کو مضبوطی سے تھام لینگے اور اس کے احکامات پر عمل کرینگے تو ضرور بہ ضرور دونوں جہانوں میں سرخرو ہونگے اور عز ت و عظمت پائینگے۔ مولانا محمد جعفر نے کہا کہ موجود دور میں مسلمانوں کی بڑی تعداد قرآن مجید کو پڑھنے سے بھی قاصر ہے۔ ہم اس مہم کے دوران عزم کریں کہ قرآن مجید کی تلاوت کو ہم اپنا روز مرہ کا معمول بنا لینگے‘ اس کی آیتوں پر غور و فکر کرینگے اور اس کے احکامات پر عمل کرنے والے بنیں گے۔ اپنے صدارتی خطاب میں امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ قرآن وہ کلام ہے جو چیلنج بن کر دنیا میں آیا ہے۔آج تک بھی اس چیلنج کا جواب کوئی نہیں دے سکا۔ مولانا نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ مسلمانوں نے اس قرآن کو صرف کتابِ ثواب سمجھا۔ جبکہ اس کتاب کا اصل مقصد ہدایت ہے اور یہ کتابِ ہدایت ہے‘ اُنہوں نے کہا کہ بغیر سمجھے قرآن پڑھنے سے بھی ثواب حاصل ہو تاہے لیکن اس کتاب کو نازل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہ انسانوں کو خبر دار کرتا ہے کہ غلط کام کرنے اور غلط راستوں پر چلنے کا انجام کیا ہوگا۔ جناب مرزانذیر اللہ بیگ زاہد‘ سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ و کنوینر مہم تلنگانہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ اس وقت دنیا میں مسلمانوں کے پستی و زوال کا سبب قرآن سے دوری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم قرآن مجید سے مانوس ہوں اِسے اپنے رب کا پیغام سمجھ کر پڑھیں۔ ہماری ہر صبح کا آغاز تلاوت قرآن سے ہو۔ ناظم شہر حافظ محمد رشاد الدین نے اس موقع پرمخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ ہم اس کے قانون کو دنیا پر نافذ کرنے کی کوشش کریں۔ یہ اُسی وقت ممکن ہے جب ہم خود پہلے قرآن مجید کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔ اس موقع پررکن جماعت اسلامی ہند خیریت آباد،ڈاکٹر محمد رفیع الدین فاروقی کی تالیف کردہ دو کتابیں ”محمد رسول اللہ ﷺ‘ حیات‘ سیرت اور ارشادات“ اور ”مولانا مودودیؒ شخصیت اور فکر“ کا رسم اجراء نائب امیر جماعت اسلامی ہند مولانا محمد جعفر کے ہاتھوں انجام پایا۔ خطاب عام کا آغاز حافظ مصعب مدنی کی تلاوت ِ کلام پاک سے ہوا‘ حافظ محمد مبین الدین نے ترانہ پیش کیا۔ انجینئر مرزا اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری نے پروگرام کی نظامت کی۔ جناب علی احمد صابر صاحب امیر مقامی نامپلی نے کلمات تشکر پیش کیے اور اُن ہی کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔