Aalimat convention hyderabad

علم دین کا حصول عظیم شرف‘ اقامت دین کی جدوجہد میں عالمات اپنا رول ادا کریں

ریاستی عالمات کنونشن سے مولانا ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی‘ محترمہ ساجدہ ابواللیث فلاحی‘ مولانا حامد محمد خان‘ محترمہ آسیہ تسنیم کے خطابات

Aalimat convention hyderabad

جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ (شعبہ عالمات) کے زیر اہتمام عالمات و فارغات دینی مدارس کا ریاستی کنونشن مرکزی موضوع قُمْ فَاَنْدِر ْ وَرَبَّکَ فَکَبِّرْ ”اُٹھو اور خبر دار کرو اور اپنے رب کی بڑائی کااعلان کرو“ کے عنوان پر جامعہ دارالھدیٰ وادی ھدیٰ‘ حیدرآباد پر منعقدہوا۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی‘ سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ مرکز و سکریٹری شریعہ کونسل دہلی نے اپنے کلیدی اور صدارتی خطاب میں عالمات کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ علم دین کا حصول عظیم شرف ہے۔ اور یہ اللہ تعالیٰ کا بڑا انعام ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے مولانا نے کہا کہ عالمات و فاضلات کا مقام عام مسلم خواتین سے بڑھ کر ہے اس لئے کہ وہ اعلیٰ دینی تعلیم سے آراستہ ہیں۔ اگر وہ اصلاح معاشرہ اور اقامت دین کا کام انجام دینگی تو دہرے اجر کی مستحق ہونگی۔ مولانا ندوی نے کہا کہ قرآن مجید میں جتنے احکام دیے گئے ہیں سب کا خطاب مرَدوں سے بھی اور عورتوں سے بھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اقامت دین کی اجتماعی جدو جہد مطلوب ہے۔ اسلام کا مزاج اجتماعی ہے لہٰذا اقامت دین کا کام مسلم خواتین کو بھی انجام دینا چاہیے‘مولانا نے مزید کہا کہ اقامت دین کا اولین دائرہ کار افراد کا ذاتی ارتقاء ہے ساتھ ہی گھر کی اصلاح اور اہل خاندان کے درمیان اصلاح کا کام بھی کریں۔اِسی طرح عام انسانوں تک دین کے پیغام کو پہنچانے کی ذمہ داری میں خواتین بھی شریک ہوں۔ محترمہ ساجدہ ابواللیث فلاحی‘ معلمہ جامعۃ الفلاح اعظم گڑھ و سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ اُتر پردیش نے ”مصلحہ و داعیہ کی صفات“ کے موضوع پر اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ عالمات و فارغات نیکیوں کے فروغ اور برائیوں کے ازالہ کیلئے کمر بستہ ہو جائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں۔اور دین اسلام کے صحیح تصور سے دنیا کو روشناس کروائیں۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمد خان نے عالمات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمات‘ پاکیزہ‘ پُراَمن معاشرہ اور سماج کی تعمیر کا عہد کریں اور اسلامی اجتماعیت کا حصہ بنیں۔اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے میدان عمل میں اپنا بھرپور کر دار پیش کریں۔مولانا نے کہا کہ اللہ نے ہمیں خیر اُمت بنایا ہے۔ ہمارا مقصد نیکیوں کا حکم دینا اور برائیوں سے روکنا ہے۔ ہم اپنے گھروں کو اسلام کا قلعہ بنائیں۔مولانا نے زور دے کر کہا کہ مسلم معاشرہ و سماج سے نامعقول رسم و رواج کی زنجیروں کو ختم کریں۔ دوسری طرف وطنی بہنوں میں دعوت دین کو پہنچانے کیلئے بھی اپنے وقت اور صلاحیت کا استعمال کریں۔ ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ محترمہ آسیہ تسنیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمات و فاضلات کو اُنکے علم کی وجہہ سے ملت میں خاص مقام حاصل ہے اور وہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ جبکہ ملت اسلامیہ کو ان سے کئی توقعات بھی وابستہ ہیں جس پر پورا اترنے کی وہ بھر پور سعی و جہد کریں۔ ریاستی ناظمہ محترمہ آسیہ تسنیم نے عالمات و فاضلات سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے شعبہ عالمات کے ساتھ جڑ کر کام کریں اور اپنے علم و صلاحیت کے صحیح استعمال کے ذریعہ میدان عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔

کنونشن کے نشست اوّل کا آغاز محترمہ عالمہ و فاضلہ فاریہ جبین‘ پرنسپل اَمومت انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے درس قرآن سے ہوا۔ ریاستی ناظمہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ مہمان مقررین کے خطابات کے بعد مذاکرہ بعنوان ”سماج کی بدلتی قدریں اور عالمات کی ذمہ داریاں“منعقد ہواجس میں مختلف دینی جامعات سے فارغ عالمات و فاضلات نے حصہ لیا۔نگران مذاکرہ عالمہ و فاضلہ محترمہ حمیرہ نشاط‘ پرنسپل جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ حیدرآباد نے تبصرہ پیش کیا۔ پہلے سیشن کی نظامت عالمہ و فاضلہ محترمہ سمیہ اَمتہ الرزاق معاون ناظمہ جماعت اسلامی ہند چندرائن گٹہ نے کی۔دوسرے سیشن کا آغاز عالمہ محترمہ عطیہ ربی صالحاتی‘ ڈائرکٹر عطیہ ربی ایجوکیشن اکیڈمی کے درس حدیث سے ہوا۔استحضار آخرت کے موضوع پر آپ نے درس حدیث پیش کی۔ محترمہ سیدہ ساجدہ بیگم معاون ریاستی ناظمہ حلقہ تلنگانہ نے ”جماعت اسلامی ہند کا تعارف“کے موضوع پر خطاب کیا۔ دوسرے سیشن کے نظامت کے فرائض عالمہ و فاضلہ عائشہ خالد نے انجام دیے۔ محترمہ اسماء فردوس سکریٹری شعبہ عالمات حلقہ تلنگانہ نے اظہار تشکر کے کلمات پیش کیے۔ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع سے کثیر تعداد میں عالمات و فاضلات نے اس ریاستی کنونشن میں شرکت کی۔اس موقع پر محترمہ ناصرہ خانم،معاون مرکزی سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند،جناب محمد نصیر الدین،جنرل سکریٹری حلقہ تلنگانہ،قائم مقام ناظم شہر عظیم تر حیدرآباد انجینئر مرزا محمد اعظم علی بیگ بھی موجود تھے۔

Read More

ڈاکٹر محمد سمیع الزماں کی تصنیف کردہ کتاب ” ایک اور زندگی” کاامیر جماعت اسلامی ہند محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں رسم اجراء

حیدرآباد (راست) محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی،امیر جماعت اسلامی ہند کے ہاتھوں ڈاکٹر محمد سمیع الزماں (معروف کارڈیالوجسٹ)کی تحریر کردہ کتاب ” ایک اور زندگی” کا آج اسلامک سنٹر لکڑ کوٹ حیدرآباد پر رسم اجرائعمل میں آیا۔کتاب کا تعارف کراتے ہوئے مصنف ڈاکٹر محمدسمیع الزماں نے کہا کہ موجودہ زندگی کے بعد ایک اور زندگی کے وجود اور اس کی تفصیلات کو قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے جس دلنشین اور عقل کو قائل کرنے والے انداز میں پیش کیا ہے اسے خود پڑھنا اور سارے انسانوں تک پہونچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، اسی کے پیش نظر یہ مختصر کتاب ترتیب دی گئی ہے، اور مرکزی مکتبہ اسلامی دہلی نے اس کتاب کوشائع کیاہے۔چالیس صفحات پر مشتمل یہ مختصر کتاب سب ڈپو مکتبہ اسلامی چھتہ بازار،ھدی بک ڈپو،پرانی حویلی کے علاوہ شہر کے دینی بک شاپس پر دستیاب ہے۔تقریب رسم اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی ہند کہاکہ قرآن مجید کا اعجاز ہے کہ وہ بیک وقت دل و دماغ کومخاطب کرتا ہے۔انہون نے کہا کہ اللہ کرے اس کتاب کے ذریعہ لوگوں کے دل و دماغ کو اطمینان حاصل ہو اور قرآن مجید کا پیغام سادہ الفاظ میں سارے انسانوں تک پہونچے۔جناب حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ،جناب محمد رفیق، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھرا پردیش،جناب سید عزیز محی الدین،سکریٹری شعبہ تنظیم مرکز،جناب محمد نصیرالدین،جناب محمد کریم الدین سکریٹریز حلقہ تلنگانہ وآندھرا ودیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر سید نعمان حسن رضوی نے تقریب رسم اجراء کے پروگرام کی کاروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔

Read More

مولانا یوسف اصلاحی صاحب کی رحلت سے جماعت اسلامی ہند اپنے ایک جہاندیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی

پریس ریلیز

مولانا یوسف اصلاحی صاحب کی رحلت سے جماعت اسلامی ہند اپنے ایک جہاندیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی: امیر جماعت اسلامی ہند
نئی دہلی: مولانا یوسف اصلاحی کی رحلت پر امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اخبار کو جاری کردہ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جماعت اسلامی ہند اپنے ایک تجربے کار و جہاں دیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مولانا مرحوم کا سب سے بڑا کارنامہ ان کی نہایت مقبول کتابیں ہیں جنہوں نے بلا مبالغہ کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ان کی کتاب’آداب زندگی‘ نصف صدی سے زیادہ عرصے سے ان گنت مسلمان گھروں کے بک شیلف کا لازمی حصہ ہے۔ مائیں اپنی بچیوں کوشادیوں کے موقعے پر اس کتاب کا تحفہ اس امید کے ساتھ دیتی ہیں کہ اس کے مطالعے سے ان کی زندگیاں سلیقہ مند اور اسلامی آداب کی آئینہ دار ہوں گی۔ مولانا مرحوم کی کتابوں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہر طبقے میں مقبول ہیں۔ سنجیدہ اہل علم سے لے کر عام گھریلو خواتین بلکہ چھوٹے بچے بھی ان کی کتابیں شوق سے پڑھتے ہیں۔ آسان، سادہ لیکن دلکش زبان اور پرکشش اسلوب میں بنیادی اسلامی تعلیمات کی ترسیل و ابلاغ کا جو ملکہ اللہ نے مرحوم کو عطا کیا تھا، اس کی نظیر مشکل ہی سے نظر ٓاتی ہے۔ مولانا مرحوم کی دوسری بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ دنیا بھر میں ہندوستان کی اسلامی تحریک کے تعارف کا ذریعہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا بھر میں جماعت اسلامی ہند کے تعارف کے لیے یوسفین کا انتخاب فرمایا۔ ایک سابق امیر جماعت مولانا محمد یوسف جنہوں نے عالم عرب میں جماعت کو متعارف کرایا اور ایک مولانا یوسف اصلاحی جو عالم مغرب میں جماعت کے تعارف کا ذریعہ بنے۔ ناموں کے اشتراک کی وجہ سے بیرون ملک کئی لوگ مولانا یوسف اصلاحی ہی کو سابق امیر جماعت مولانا محمد یوسف بھی سمجھتے رہے۔مولانا مغربی دنیا میں بے حد مقبول تھے اور امریکہ، یورپ آسٹریلیا، جاپان وغیرہ کثرت سے جاتے رہے بلکہ برسوں سے سال کا کم سے کم نصف حصہ وہ انہی ملکوں میں گذارا کرتے تھے۔ مولانا کی تقریریں بھی ان کی کتابوں کی طرح پر کشش اور خاص و عام میں مقبول تھیں۔ شخصی وجاہت، باوقار آواز، کوثر و تسنیم میں دھلی ہوئی خوبصورت اردو، اور امیدیں پیدا کرنے والا اور حرکت و عمل پر آمادہ کرنے والا پیغام۔ان ساری خصوصیات کے امتزاج کی وجہ سے ان کے خطابات میں بڑی کشش و جاذبیت ہوتی تھی۔ مولانا ایک اچھے قاری بھی تھے۔ان کی آواز میں وقار وبلند آہنگی اور لطافت ونغمگی، دونوں خصوصیات کا نادر امتزاج تھا۔ اس مخصوص آواز میں ان کی تلاوت قرآن، وجد کی کیفیت پیدا کردیتی۔ آج بھی ان کے انتقال کی خبرسے جو یاد تازہ ہوئی ہے وہ مرکز کی مسجد میں فجر کی نماز میں سنی ہوئی ان کی تلاوت ہی کی یاد ہے۔’آداب زندگی‘ مصنف کی شخصیت، اسلامی سلیقہ مندی اور نفاست ذوق کا خوبصورت نمونہ تھی۔ لباس، کھانے پینے کے اطوار، گفتگو، نشست و برخاست ہر معاملے میں اعلٰی درجے کی شائستگی، وضعداری اور رکھ رکھاو ان کی شخصیت کا نہایت پر کشش پہلو تھا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کی ہمہ گیر و طویل خدمات کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے آمین۔
جاری کردہ

سید تنویر احمد، سکریٹری شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند
موبائل: 9916827795 / 9844158731
ڈی 321، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی

Read More

 مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدی پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اسلامک سوشل سروس سوسائٹی،حیدرآباد کے زیر انتظام چلائے جانے والے مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدی، پہاڑی شریف روڈ نے 14 نومبر 2021 کو یوم اطفال کے موقع پر DARE (ڈاکٹرز ایسوسی ایشن فار ریلیف اینڈ ایجوکیشن) کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔جس میں ڈاکٹر خالد سیف الرحمان خان (ایم بی بی ایس، ڈی سی ایچ، ممبر DARE)، ڈاکٹر وی گایتری (ایم بی بی ایس، ڈی جی او، ڈی این بی)، ڈاکٹر ثنا (بچوں میں وزن اور قد کے لیے ماہر تغذیہ) نے  کیمپ کے دوران  مفت خدمات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ میں بچوں کو تحائف اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، کیمپ سے خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے استفادہ کیا۔
Read More

جامعہ دارالسلام، عمر آباد کے طلبا و اساتذہ کے وفد کا استقبال

جامعہ دارالسلام، عمر آباد کے طلبا و اساتذہ کے وفد کی جامعہ دارالھدی آمد ،  ناظم شہر جماعت اسلامی ہندحافظ محمد رشاد الدین نے وفد کا استقبال کیا
 
 
معروف دینی درسگاہ جامعہ دارالسلام، عمر آباد سے سال جاریہ فراغت و سند حاصل کرنے والے چالیس طلبہ اور اساتذہ کرام کے ایک وفد نے جامعہ دارالھدی، وادی ھدی ِپہاڑی شریف حیدرآباد کا دورہ کیااور تفصیلات سے آگاہی حاصل کی،اس موقع پر جامعہ دارلھدی پہاڑی شریف پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادحافظ محمد رشاد الدین نے وفد کا استقبال کیا۔ باہمی تعارف کے بعداس موقع پر انہوں نے جماعت اسلامی ہندکا تعارف اور کارکردگی اور وفاق العلماء تلنگانہ کی سرگرمیوں کے علاوہ جامعہ دارلھدی کی تعلیمی رپورٹ سے انہیں واقف کروایا۔استقبالیہ تقریب میں مولانا عبد الجبار عمری، مولانا شمس الضحی عمری، مولاناعبد الصمد عمری،مولانا محمد عرفان صدیقی فلاحی، جنرل سکریٹری وفاق العلماء، نائب صدر اسلامک سوشل سرویس سوسائٹی حیدرآباد جناب عبد الرحیم خالد باویز و دیگر نے شرکت کی۔پروگرام کی کارروائی مولانا عبد الصمد عمری نے چلائی اور کلمات تشکر مفتی محمد شوکت علی قاسمی نے پیش کئے،دعاء پرتقریب کا اختتام عمل میں آیا۔وفد نے جماعت،وفاق اور مدرسہ کی کارکردگی اور سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کیں۔
Read More