اسلامک سوشیل سروس سوسائٹی، حیدرآباد کے آکسیجن تھراپی سینٹر وادی ھدی کا امیرحلقہ مولانا حامد محمد خا ن نے کیا معائنہ
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے آج اسلامک سوشیل سروس سوسائٹی،حیدرآباد کی جانب سے کووڈ نائنٹین کے ابتدائی متاثرین کے لئے خدمت خلق کے جذبہ کے تحت چلائے جانے والے آکسیجن تھراپی سنٹر وادی ھدی کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
کارکردگی سے متعلق آگاہی حاصل کی اور یہاں شریک تمام مریضوں سے بات چیت کی اور انکی صحت سے متعلق دریافت کیا۔واضح رہے کہ مجوزہ مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدی، پہاڑی شریف (احاطہ جامعہ دارالھدی) کی عمارت میں عارضی طور پر آکسیجن تھراپی سینٹر کا آغازعمل میں لایاگیا ہے، جہاں ابتدائی طورپر کووڈ متاثرین کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا جارہاہے۔یہاں کووڈ کے ابتدائی مریضوں کے لئے دواؤں کے علاوہ ضروری طبی امداد کی سہولت مہیا کی گئی ہے اور مریضوں کے لئے کھانے کا بھی انتظام ہے۔ساتھ ہی ایمبولینس خدمات بھی موجود ہیں۔امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر میں ابتدائی علاج کے بعد کئی ایک مریض اللہ کے فضل و کرم سے شفاء یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں سے بات چیت سے بھی معلوم ہوا مریض اور انکے افرادِ خاندان علاج اوردواخانہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ مولانا حامد محمد خان نے یہاں کے ڈاکٹرس،نرسس،طبی عملہ کے علاوہ دیگر تمام منتظمین کا اس موقع پر شکریہ ادا کیا اور انکے حق میں دعائے خیر فرمائی کی کہ اللہ تعالی ان سب کی کوششوں کو مقبول بنائے کہ ان سب کی انتھک محنت اور جستجوکی وجہہ سے یہ ممکن ہوسکاہے۔اس موقع پر حافظ محمد رشاد الدین،سکریٹری اسلامک سوشیل اینڈ سروس سوسائٹی حیدرآباد کے علاوہ سینٹر کے ذمہ داران جناب یوسف علی خان،جناب عبدالرحیم خالد باوزیر،جناب عبد الماجد ذاکر،جناب سید تبریز بخشی ودیگر موجود تھے۔