ڈاکٹر محمد سمیع الزماں کی تصنیف کردہ کتاب ” ایک اور زندگی” کاامیر جماعت اسلامی ہند محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں رسم اجراء

حیدرآباد (راست) محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی،امیر جماعت اسلامی ہند کے ہاتھوں ڈاکٹر محمد سمیع الزماں (معروف کارڈیالوجسٹ)کی تحریر کردہ کتاب ” ایک اور زندگی” کا آج اسلامک سنٹر لکڑ کوٹ حیدرآباد پر رسم اجرائعمل میں آیا۔کتاب کا تعارف کراتے ہوئے مصنف ڈاکٹر محمدسمیع الزماں نے کہا کہ موجودہ زندگی کے بعد ایک اور زندگی کے وجود اور اس کی تفصیلات کو قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے جس دلنشین اور عقل کو قائل کرنے والے انداز میں پیش کیا ہے اسے خود پڑھنا اور سارے انسانوں تک پہونچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، اسی کے پیش نظر یہ مختصر کتاب ترتیب دی گئی ہے، اور مرکزی مکتبہ اسلامی دہلی نے اس کتاب کوشائع کیاہے۔چالیس صفحات پر مشتمل یہ مختصر کتاب سب ڈپو مکتبہ اسلامی چھتہ بازار،ھدی بک ڈپو،پرانی حویلی کے علاوہ شہر کے دینی بک شاپس پر دستیاب ہے۔تقریب رسم اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی ہند کہاکہ قرآن مجید کا اعجاز ہے کہ وہ بیک وقت دل و دماغ کومخاطب کرتا ہے۔انہون نے کہا کہ اللہ کرے اس کتاب کے ذریعہ لوگوں کے دل و دماغ کو اطمینان حاصل ہو اور قرآن مجید کا پیغام سادہ الفاظ میں سارے انسانوں تک پہونچے۔جناب حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ،جناب محمد رفیق، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھرا پردیش،جناب سید عزیز محی الدین،سکریٹری شعبہ تنظیم مرکز،جناب محمد نصیرالدین،جناب محمد کریم الدین سکریٹریز حلقہ تلنگانہ وآندھرا ودیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر سید نعمان حسن رضوی نے تقریب رسم اجراء کے پروگرام کی کاروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔

Read More

مولانا یوسف اصلاحی صاحب کی رحلت سے جماعت اسلامی ہند اپنے ایک جہاندیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی

پریس ریلیز

مولانا یوسف اصلاحی صاحب کی رحلت سے جماعت اسلامی ہند اپنے ایک جہاندیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی: امیر جماعت اسلامی ہند
نئی دہلی: مولانا یوسف اصلاحی کی رحلت پر امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اخبار کو جاری کردہ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جماعت اسلامی ہند اپنے ایک تجربے کار و جہاں دیدہ بزرگ سے محروم ہوگئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مولانا مرحوم کا سب سے بڑا کارنامہ ان کی نہایت مقبول کتابیں ہیں جنہوں نے بلا مبالغہ کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ان کی کتاب’آداب زندگی‘ نصف صدی سے زیادہ عرصے سے ان گنت مسلمان گھروں کے بک شیلف کا لازمی حصہ ہے۔ مائیں اپنی بچیوں کوشادیوں کے موقعے پر اس کتاب کا تحفہ اس امید کے ساتھ دیتی ہیں کہ اس کے مطالعے سے ان کی زندگیاں سلیقہ مند اور اسلامی آداب کی آئینہ دار ہوں گی۔ مولانا مرحوم کی کتابوں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہر طبقے میں مقبول ہیں۔ سنجیدہ اہل علم سے لے کر عام گھریلو خواتین بلکہ چھوٹے بچے بھی ان کی کتابیں شوق سے پڑھتے ہیں۔ آسان، سادہ لیکن دلکش زبان اور پرکشش اسلوب میں بنیادی اسلامی تعلیمات کی ترسیل و ابلاغ کا جو ملکہ اللہ نے مرحوم کو عطا کیا تھا، اس کی نظیر مشکل ہی سے نظر ٓاتی ہے۔ مولانا مرحوم کی دوسری بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ دنیا بھر میں ہندوستان کی اسلامی تحریک کے تعارف کا ذریعہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا بھر میں جماعت اسلامی ہند کے تعارف کے لیے یوسفین کا انتخاب فرمایا۔ ایک سابق امیر جماعت مولانا محمد یوسف جنہوں نے عالم عرب میں جماعت کو متعارف کرایا اور ایک مولانا یوسف اصلاحی جو عالم مغرب میں جماعت کے تعارف کا ذریعہ بنے۔ ناموں کے اشتراک کی وجہ سے بیرون ملک کئی لوگ مولانا یوسف اصلاحی ہی کو سابق امیر جماعت مولانا محمد یوسف بھی سمجھتے رہے۔مولانا مغربی دنیا میں بے حد مقبول تھے اور امریکہ، یورپ آسٹریلیا، جاپان وغیرہ کثرت سے جاتے رہے بلکہ برسوں سے سال کا کم سے کم نصف حصہ وہ انہی ملکوں میں گذارا کرتے تھے۔ مولانا کی تقریریں بھی ان کی کتابوں کی طرح پر کشش اور خاص و عام میں مقبول تھیں۔ شخصی وجاہت، باوقار آواز، کوثر و تسنیم میں دھلی ہوئی خوبصورت اردو، اور امیدیں پیدا کرنے والا اور حرکت و عمل پر آمادہ کرنے والا پیغام۔ان ساری خصوصیات کے امتزاج کی وجہ سے ان کے خطابات میں بڑی کشش و جاذبیت ہوتی تھی۔ مولانا ایک اچھے قاری بھی تھے۔ان کی آواز میں وقار وبلند آہنگی اور لطافت ونغمگی، دونوں خصوصیات کا نادر امتزاج تھا۔ اس مخصوص آواز میں ان کی تلاوت قرآن، وجد کی کیفیت پیدا کردیتی۔ آج بھی ان کے انتقال کی خبرسے جو یاد تازہ ہوئی ہے وہ مرکز کی مسجد میں فجر کی نماز میں سنی ہوئی ان کی تلاوت ہی کی یاد ہے۔’آداب زندگی‘ مصنف کی شخصیت، اسلامی سلیقہ مندی اور نفاست ذوق کا خوبصورت نمونہ تھی۔ لباس، کھانے پینے کے اطوار، گفتگو، نشست و برخاست ہر معاملے میں اعلٰی درجے کی شائستگی، وضعداری اور رکھ رکھاو ان کی شخصیت کا نہایت پر کشش پہلو تھا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کی ہمہ گیر و طویل خدمات کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے آمین۔
جاری کردہ

سید تنویر احمد، سکریٹری شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند
موبائل: 9916827795 / 9844158731
ڈی 321، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی

Read More

 مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدی پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اسلامک سوشل سروس سوسائٹی،حیدرآباد کے زیر انتظام چلائے جانے والے مسلم جنرل ہاسپٹل وادی ھدی، پہاڑی شریف روڈ نے 14 نومبر 2021 کو یوم اطفال کے موقع پر DARE (ڈاکٹرز ایسوسی ایشن فار ریلیف اینڈ ایجوکیشن) کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔جس میں ڈاکٹر خالد سیف الرحمان خان (ایم بی بی ایس، ڈی سی ایچ، ممبر DARE)، ڈاکٹر وی گایتری (ایم بی بی ایس، ڈی جی او، ڈی این بی)، ڈاکٹر ثنا (بچوں میں وزن اور قد کے لیے ماہر تغذیہ) نے  کیمپ کے دوران  مفت خدمات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ میں بچوں کو تحائف اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، کیمپ سے خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے استفادہ کیا۔
Read More

جامعہ دارالسلام، عمر آباد کے طلبا و اساتذہ کے وفد کا استقبال

جامعہ دارالسلام، عمر آباد کے طلبا و اساتذہ کے وفد کی جامعہ دارالھدی آمد ،  ناظم شہر جماعت اسلامی ہندحافظ محمد رشاد الدین نے وفد کا استقبال کیا
 
 
معروف دینی درسگاہ جامعہ دارالسلام، عمر آباد سے سال جاریہ فراغت و سند حاصل کرنے والے چالیس طلبہ اور اساتذہ کرام کے ایک وفد نے جامعہ دارالھدی، وادی ھدی ِپہاڑی شریف حیدرآباد کا دورہ کیااور تفصیلات سے آگاہی حاصل کی،اس موقع پر جامعہ دارلھدی پہاڑی شریف پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادحافظ محمد رشاد الدین نے وفد کا استقبال کیا۔ باہمی تعارف کے بعداس موقع پر انہوں نے جماعت اسلامی ہندکا تعارف اور کارکردگی اور وفاق العلماء تلنگانہ کی سرگرمیوں کے علاوہ جامعہ دارلھدی کی تعلیمی رپورٹ سے انہیں واقف کروایا۔استقبالیہ تقریب میں مولانا عبد الجبار عمری، مولانا شمس الضحی عمری، مولاناعبد الصمد عمری،مولانا محمد عرفان صدیقی فلاحی، جنرل سکریٹری وفاق العلماء، نائب صدر اسلامک سوشل سرویس سوسائٹی حیدرآباد جناب عبد الرحیم خالد باویز و دیگر نے شرکت کی۔پروگرام کی کارروائی مولانا عبد الصمد عمری نے چلائی اور کلمات تشکر مفتی محمد شوکت علی قاسمی نے پیش کئے،دعاء پرتقریب کا اختتام عمل میں آیا۔وفد نے جماعت،وفاق اور مدرسہ کی کارکردگی اور سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کیں۔
Read More

قرآن مجید سب کی کتاب ہے

قرآن کے پیغام اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات سے برادران وطن کو واقف کروانے کی ضرورت پر زور
 
علماء اکرام کے اجلاس سے مولانا حامد محمد خان،مفتی تنطیم عالم قاسمی،مفتی محبوب شریف نظامی،مولانا شاہد قاسمی،مفتی سراج الہدی الازہری و دیگرکا اظہار خیال
 
اس وقت ساری انسانیت کو اسلام کے پیغام سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ برادران وطن سے دوستانہ روابط بڑھائیں‘اسلام اور مسلمانوں سے متعلق ان میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کریں ان خیالات کا اظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان صاحب نے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام علماء کرام و اکابرین ملت کے خصوصی مشاورتی اجلاس بعنوان”موجودہ حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں“ کے موقع پر مسجد صالحہ قاسم ؒ بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد میں کیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ علماء کرام ستاروں کی مانند ہے‘ اگر علما ء کرام متحدہ طور پر کوشش کریں تو ملک و ملت کی قسمت بدل سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ علماء کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے مسلمانوں کو ارتداد کے فتنہ سے چوکس اور چوکنا رہنے کا بھی مشورہ دیا۔ ساتھ ہی مساجد اور مکاتب کے ذریعہ تعلیم بالغان و بالغات کے پروگرام چلانے اور مسلم نوجوانوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ تحفظ ایمان و شریعت‘ فرقہ پرستی و ظلم کے خلاف حکمت عملی‘ بین مذاہب شادیاں و مسلم نوجوان اور ارتداد اسباب و تدارک جیسے اہم اور نازک موضوعات و مسائل سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں تمام مسالک و مکاتب فکر کے جید علماء کرام و اکابرین ملت شریک تھے۔ اور سب ہی نے ایک آواز ہو کر متحدہ طور پر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مولانا مفتی تنظیم عالم قاسمی‘ استاذ حدیث دارالعلوم سبیل السلام نے اس موقع پر کہا کہ ہم حالات سے مایوس نہ ہوں بلکہ مسلسل جد و جہد کے ذریعہ حالات تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ہر عالم‘ داعی بنے اُنہو ں نے مزید کہا کہ جمعہ کے موقع پر دیے جانے والے اُردو خطبات میں سماجی موضوعات کو شامل کریں تا کہ قوم و ملت کی بروقت رہنمائی ہو سکے۔ مولانا تنظیم عالم قاسمی صاحب نے علماء کرام سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے قائم کی گئی تنظیم وفاق العلماء تلنگانہ جو مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کا متحدہ پلیٹ فارم ہے کو مضبوط کیا جائے۔مولانا شاہد قاسمی استاذ و ناظم تعلیمات المعہد العالی الاسلامی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں چاہیے کہ آپس میں ایک دوسرے کا احترام کریں اور ہر کام کا احترام ہو۔ مولانا ظہیر صادق حسامی نے کہا کہ ہم بچوں کے لئے نمونہ بنیں اور گھر و ں میں مثالی اسلامی ماحول پروان چڑھائیں۔جناب ایم۔ این بیگ زاہد سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ نے کہا کہ وفاق العلماء تلنگانہ کا مقصد اعلاء کلمتہ اللہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے اجتماعی جدو جہد کرناہے۔اُنہوں نے علماء کرام سے وفاق العلماء میں شامل ہونے کی اپیل کی۔مفتی مقیم الدین سبیلی نے کہا کہ مساجد میں قائم مدارس و مکاتب سے بچوں کو قریب کیا جائے۔مولانا انس ندوی  نے کہا کہ قرآن مجید سب کی کتاب ہے اور اس کی تعلیمات سب کے لئے ہیں۔ مولانا مفتی محبوب شریف نظامی صدر وفاق العلماء عظیم تر حیدرآباد‘ مولانا مفتی سراج الہدیٰ ندوی الازہر(سبیل السلام)‘ مولانا مفتی عمر عبدالقوی‘ مولانا یوسف خان‘ مولانا سید توفیق (جامعۃ الطاہرات)‘ ناظم شہر جماعت اسلامی ہند حیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین‘ جناب محمد عماد الدین‘ جناب محمد عمران امرائے مقامی یاقوت پورہ وبہادرپورہ واراکین شوریٰ یاقوت پورہ ودیگر معزز و قابل احترام علماء کرام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ محترم حافظ و قاری عمران بن ہاشم العبیس خطیب مسجد صالحین کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جناب محمد عبدالحفیظ اسلامی ناظم رابطہ برائے علماء کرام و مدارس اسلامیہ یاقوت پورہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ مولانا مفتی محبوب شریف نظامی صاحب کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ مفتی محمد عبدالفتاح عادل سبیلی امام و خطیب مسجد حفیظیہ نے پروگرام کی نظامت کی۔      
 
 بتاریخ:31،اکتوبر،2021
Read More