جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے 5تا15/اگسٹ 2022 دس روزہ مہم
بعنوان”قُمْ فَاَنْذِرْ وَرَبَّکَ فَکَبِّرْ“ (اُٹھو اور خبردار کرو اور اپنے رب کی بڑائی کا اعلان کرو)، منائی جائے گی۔
ذمہ دارانِ جماعت حلقہ تلنگانہ کے اجتماع سے امیرحلقہ مولانا حامدمحمدخان وسکریٹریز حلقہ کا اظہار خیال
ملک میں بڑھتی تنگ نظری، فرقہ پرستی،تفریق (Polarisation) اور اقلیتوں پر ظلم وزیادتی کے واقعات نے اُمت مسلمہ کو بے چین کردیا ہے اور اُمت کا ایک طبقہ مایوسی کا شکار ہے۔ داعیان حق کی ذمہ داری ہے کہ وہ اُمت مسلمہ کو ڈھارس بندھائے،ان میں یقین واعتماد پیدا کرے اور دین حق پرثابت قدمی کے لیے تیار کرے۔ اس پیغام کو عام کرنے کے لیے جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے دس روزہ مہم بعنوان”قُمْ فَاَنْذِرْ وَرَبَّکَ فَکَبِّرْ“ اُٹھو اور خبردار کرو اور اپنے رب کی بڑائی کا اعلان کرو۔ ریاست بھر میں منائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے بروز اتوار، اسلامک سنٹر لکڑکوٹ پرذمہ دارانِ جماعت کے اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اللہ کے دین سے والہانہ محبت کریں اوردین پراستقامت کے ساتھ جم جائیں اور اپنے اندر اخلاص کی صفت پیدا کریں۔ جناب محمدنصیرالدین جنرل سکریٹری حلقہ تلنگانہ نے افتتاحی کلمات میں مہم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس مہم کا مقصد اُمت کو کردارسازی کی طرف رہنمائی کرنا،ان کی صلاحیتوں کے مثبت استعمال پر انہیں متوجہ کرنا،ان میں توکل،یقین اور ایمان پراستقامت پیدا کرنا اور انہیں اقامت دین سے وابستگی کی دعوت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت چاہتی ہے کہ اس مہم کے ذریعہ اُمت مسلمہ کو بیدار کیاجائے ان میں جرأت،استقامت اور دلیری پیدا کی جائے اور انہیں من چاہی ومن مانی زندگی چھوڑ کر رب چاہی زندگی کی طرف بلایاجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہندچاہتی ہے کہ ہر محلہ اور آبادی میں اسلامی اجتماعیت قائم ہواور ملت اسلامیہ میں اسلامی کردارواخلاق پروان چڑھیں اورمعاشرہ اور سماج کی اصلاح کا کام ہو۔ ساتھ ہی برادران وطن تک دین اسلام کے پیغام کوپہنچانے کے لیے سعی وجہد کی جائے۔ انہوں نے ملت اسلامیہ کے افراد سے اپیل کی کہ وہ ان کاموں کی انجام دہی کے لیے جماعت اسلامی ہند کے ساتھ ہم قدم ہوجائیں۔
جناب محمدعبدالرقیب حامدلطیفی، سکریٹری شعبہ فکراسلامی کا فروغ حلقہ تلنگانہ کے درس قرآن سے تفہیمی وتربیتی اجتماع کا آغاز ہوا۔انہوں نے تعلق باللہ کے حوالہ سے درس قرآن دیتے ہوئے کہا کہ ہم قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت اورنمازِ تہجد کے ذریعہ تعلق باللہ کی کیفیت کومضبوط کریں۔ڈاکٹر محمدفہیم الدین احمد‘رکن شوریٰ حلقہ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں مہم کو کامیاب بنانے تمام وابستگان جماعت سے اپیل کی۔ جناب سید عبدالباسط انورسکریٹری شعبہ تربیت نے ”نبی کریم ﷺ کی دعوتی جدوجہد“کے عنوان پہ درس حدیث پیش کی۔ جناب محمدریاض الدین، سکریٹری شعبہ توسیع دیہی علاقہ جات نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ جناب محمدتنویراحمد‘جناب محمدعبدالاحد سہیل نے پروگرام کی نظامت کی۔ تمام شعبہ جات کے سکریٹریز حلقہ،ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین محترمہ آسیہ تسنیم،قائم مقام ناظم شہرانجینئر محمداعظم علی بیگ کے علاوہ نظمائے ضلع،ضلعی ناظمات‘نظمائے حلقہ کارکنان اس موقع پر موجودتھے۔