ایک روزہ شعور بیداری اجلاس
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے ایک روزہ کیڈر میٹ منعقد کی گئی، کیڈر میٹ کو مخاطب کرتے ہوئے امیر حلقہ ڈاکٹر خالد مبشر الظفر صاحب نے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات ملک کی تاریخ کے سب سے اہم انتخابات ہیں، ایک طرف بی جے پی ملک میں نفرت و مذہبی منافرت کے ذریعے فسطائیت کو نافذ کرنا چاہتی ہے اور ملک کے دستور کو بدلنا چاہتی یے تو دوسری طرف سیکولر پارٹیاں ملک کے سماجی ڈھانچے اور سیکولر کردار کو مضبوط کرنا چاہتی ہیں، اسی لیے آنے والے انتخابات ملک کو ایک نئے رخ پر لے جانے والے ہیں۔ ایسے موقع پر ہمیں اچھی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فسطائی طاقتوں کو کچلنے کی کوششیں کرنی چاہیے۔
عبد المجید شعیب صاحب معاون امیر حلقہ و کنوینر سیاسی کمیٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات ملک کے سیاسی مستقبل کو طے کرنے والے ہیں، کیوں کہ یہ انتخابات ملک کے سیاسی، سماجی، معاشی و معاشرتی کیفیت پر اثرات مرتب کریں گے۔ آنے والے چیلنجیز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارے اندر قوت عمل کی کمی محسوس ہوتی ہے، یہ اجلاس اپنے اندر عملی طور پر کام کرنے اور اپنے آپ کو عملی طور پر تیار کرنے کے لیے رکھا گیا۔ ترجیح بنیادوں پر ہمارے کرنے کے کام یہ ہیں کہ ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج کروایا جائے، رائے دہی کے تناسب کو بڑھانے کی کوشش کی جائے، غیر مسلم بھائیوں سے اپنے تعلقات بڑھائے جائیں، با اثر افراد سے روابط بڑھائے جائیں، وظیفہ یاب افراد کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جائے، ہر اسمبلی حلقے میں کم از کم چالیس نوجوانوں کو سیاسی کام کرنے کے لیے تیار کیا جائے، اس طرح ایک پارلیمانی حلقہ میں تین سو نوجوان ہمہ وقت کام کرنے کے لیے تیار رہیں۔
عبد الرحمن داؤدی صاحب رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے پولرزیشن سے بچانے کے تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ جذباتی باتوں میں الجھ کر رد عمل ظاہر کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
صادق احمد صاحب رکن شوریٰ نے کہا کہ ہر مقام پر ایک سیکولر جمہوری فورم کا قیام ہونا چاہیے اور اس فورم میں سماج کے ہر طبقے کو شامل کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر کرن ویسا بھارت جوڑو مہم کے رکن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طبقہ کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونی چاہیے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انصاف قائم کریں، ہمیں چاہیے کہ ہم مختلف طبقات کو ساتھ لے کر کام کریں۔ بی جے پی ملک کو ہندو راشٹر بنانا چاہتے ہیں، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کے سیکولر کردار کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
اجلاس میں اضلاع و شہر سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ارکان و منتخب کارکنان شریک تھے۔