مسلمان، جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں اور دین و شریعت سے مکمل وابستہ ہوجائیں
پریس نوٹ
مسلمان، جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں اور دین و شریعت سے مکمل وابستہ ہوجائیں
امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلگانہ ڈاکٹرمحمدخالد مبشرالظفرکی جانب سے عامۃ المسلمین کو عیدالاضحی کی مبارکباد
ڈاکٹرمحمدخالد مبشرالظفرامیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان کے ذریعہ ملت اسلامیہ کوعیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرات ابراھیم واسمٰعیل علیہم السلام کی یاد کے ساتھ عامۃ المسلمین جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں۔ قربانی کے جانور کو ذبح کرنا ایک علامت ہے دراصل اپنے نفس کو قابومیں رکھنا،اپنی بے جا نفسانی خواہشات،بے جارسومات اور نامعقول روایات پر چھری پھیرنا اصل قربانی ہے۔ امیرحلقہ نے کہا کہ حضرت ابراھیم علیہ السلام نے جس طرح ”اوّل المسلمین“ کا اعلان کیا تھا اسی طرح آج ملت اسلامیہ کو چاہئے کہ موجودہ حالات میں ڈراور خوف کی نفسیات سے باہر نکل کر جذبہ قربانی سے سرشارہوں اور اپنے اندر اعتماد ویقین پیدا کریں اور من چاہی زندگی کو چھوڑ کر رب چاہی زندگی اختیارکریں۔ عیدقربان ہم سے یہی مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جیسے کچھ حالات ہیں اس میں دین سے وابستگی شریعت کی پیروی اور ایمان پر پختگی وثابت قدمی بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر خالد ظفرنے کہا کہ حضرات ابراھیم واسمٰعیل علیہم السلام کی اطاعتِ خداوندی وقربانی کو اللہ تعالیٰ نے اتنا پسند فرمایا کہ تاقیامت اس عمل کو یادگار بنادیا۔ عیدالاضحی محض خوشیوں کو بانٹنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اطاعت رب اور رضائے الٰہی کے تئیں ہماری سنجیدگی،کوشش اور جائزہ واحتساب کا بھی موقع ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم اپنے جذبہئ قربانی،اخلاق،کردار‘اعمال کے علاوہ اقامت دین کی جدوجہد میں اپنے رول کا محاسبہ کریں۔یہی عید قرباں کا پیغام ہے۔