امت مسلمہ‘ ابراھیمیؑ مشن، اقامت دین کی علمبرداربنے

پریس نوٹ

امت مسلمہ‘ ابراھیمیؑ مشن، اقامت دین کی علمبرداربنے۔

ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ڈاکٹرمحمدمبشراحمد کی جانب سے عامتہ المسلمین کوعیدالاضحی کی مبارکباد

ناظم شہرجماعت اسلامی ہندعظیم ترحیدرآباد ڈاکٹرمحمدمبشراحمدنے عامۃالمسلمین کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ اپنے صحافتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سنت ابراھیمؑ کی یاد تازہ کرتی ہے۔ ملت ابراھیمیؑ کا فرد ہونے کی حیثیت سے ہم یکسوئی کے ساتھ حنیفیت،ابراھیمیؑ مشن،دعوت توحید اور اقامت دین کے علمبردار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ موقع جہاں جذبہ قربانی کو پروان چڑھاتا ہے وہیں غریبوں اور ضرورتمندوں کی ضرورتوں کوپورا کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ڈاکٹرمحمدمبشراحمدنے کہا کہ قربانی کے ایام میں صرف قربانی کا عمل ہی اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔ لہٰذا مسلمان حتی الامکان قربانی کا اہتمام کریں۔ انہوں نے عیدکے موقع پر پاکی وصفائی کو اختیارکرنے کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ راستوں اور گذرگاہوں پر قربانی نہ کریں۔ صفائی،ستھرائی کا مکمل خیال رکھیں۔ اپنے عمل سے کسی کو ایذانہ پہنچائیں۔ قربانی کے بعد خون،فضلات اور زائداجزاء کو دفن کردیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں۔ آخرمیں اپنے دُعائیہ کلمات میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو ہم سب کے لیے عیدسعید بنائے۔ تمام مسلمانوں بالخصوص حجاج کرام کے حج ودیگر عبادتوں کو قبول کرے اور اُمت مسلمہ پررحم و کرم کا معاملہ فرمائے۔

Read More

مسلمان، جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں اور دین و شریعت سے مکمل وابستہ ہوجائیں

پریس نوٹ

مسلمان، جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں اور دین و شریعت سے مکمل وابستہ ہوجائیں

امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلگانہ ڈاکٹرمحمدخالد مبشرالظفرکی جانب سے عامۃ المسلمین کو عیدالاضحی کی مبارکباد

ڈاکٹرمحمدخالد مبشرالظفرامیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان کے ذریعہ ملت اسلامیہ کوعیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرات ابراھیم واسمٰعیل علیہم السلام کی یاد کے ساتھ عامۃ المسلمین جذبہ قربانی کو زندہ رکھیں۔ قربانی کے جانور کو ذبح کرنا ایک علامت ہے دراصل اپنے نفس کو قابومیں رکھنا،اپنی بے جا نفسانی خواہشات،بے جارسومات اور نامعقول روایات پر چھری پھیرنا اصل قربانی ہے۔ امیرحلقہ نے کہا کہ حضرت ابراھیم علیہ السلام نے جس طرح ”اوّل المسلمین“ کا اعلان کیا تھا اسی طرح آج ملت اسلامیہ کو چاہئے کہ موجودہ حالات میں ڈراور خوف کی نفسیات سے باہر نکل کر جذبہ قربانی سے سرشارہوں اور اپنے اندر اعتماد ویقین پیدا کریں اور من چاہی زندگی کو چھوڑ کر رب چاہی زندگی اختیارکریں۔ عیدقربان ہم سے یہی مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جیسے کچھ حالات ہیں اس میں دین سے وابستگی شریعت کی پیروی اور ایمان پر پختگی وثابت قدمی بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر خالد ظفرنے کہا کہ حضرات ابراھیم واسمٰعیل علیہم السلام کی اطاعتِ خداوندی وقربانی کو اللہ تعالیٰ نے اتنا پسند فرمایا کہ تاقیامت اس عمل کو یادگار بنادیا۔ عیدالاضحی محض خوشیوں کو بانٹنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اطاعت رب اور رضائے الٰہی کے تئیں ہماری سنجیدگی،کوشش اور جائزہ واحتساب کا بھی موقع ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم اپنے جذبہئ قربانی،اخلاق،کردار‘اعمال کے علاوہ اقامت دین کی جدوجہد میں اپنے رول کا محاسبہ کریں۔یہی عید قرباں کا پیغام ہے۔

Read More

جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ میں جدیدداخلوں کا آغاز

جناب اعظم علی بیگ،سکریٹری جامعہ کی اطلاع کے بموجب لڑکیوں کے لئے اعلی دینی وعصری تعلیمی ادارہ”جامعہ ریاض الصالحات“اعظم پورہ میں مختلف شعبوں میں نئے داخلوں کا آغاز ہوچکاہے۔شعبہ ناظرہ میں داخلے کے لئے عمرسات تادس اورشعبہ حفظ میں نوتاگیارہ سال عمرکی طالبات کوداخلہ دیا جائے گا۔شعبہ ابتدائیہ،اُن طالبات کیلئے جو عربی،اردو،انگریزی سے ناواقف ہوں،عمرگیارہ تاچودہ سال،اعدادیہ میں اُن طالبات کو داخلہ دیا جائے گا جو کم ازکم عربی واُردو سے واقفیت رکھتی ہوں اور عمربارہ سے پندرہ سال کے درمیان ہو۔ شعبہ عالمیت وفضیلت میں داخلہ اہلیت کی بنیادپر ہوگا،داخلہ کے خواہش مند طالبات اور اولیاء طالبات وسرپرست حضرات صبح دس بجے تاایک بجے دن جامعہ تشریف لاسکتے ہیں،داخلہ امتحان کا جلد ہی انعقاد عمل میں آئے گا۔ان شاء اللہ8 /جون سے  تعلیم کاآغاز ہوگا۔مزید تفصیلات کے ان فون نمبرات  7799500259، 7989997328  پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Read More

ڈاکٹرمحمدخالدمبشرالظفر کا جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی آئندہ چارسالہ میقات کے لیے بحیثیت امیرحلقہ تقرر

بتاریخ:10،مئی2023

پریس نوٹ

محترم امیرجماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے جماعت اسلامی ہندتلنگانہ کی آئندہ میقات2023 تا2027 کے لیے ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفر کو ریاست تلنگانہ کا امیرحلقہ مقررفرمایا ہے۔ ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفر کا تعلق حیدرآبادسے ہے اور وہ سابق میں ایس آئی او تلنگانہ متحدہ آندھراپردیش کے صدرحلقہ اورجماعت اسلامی ہندشہرحیدرآباد کے ناظم شہر بھی رہ چکے ہیں۔انہوں نے سائنس میں ماسٹرس کے علاوہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور ملک کی مؤقر یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ میقات میں وہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے شعبہ ایچ آرڈی کے سکریٹری رہے جبکہ وہ ریاستی شوریٰ کے رکن کے علاوہ موجودہ مجلس نمائندگان کے بھی رکن ہیں۔محترم امیرجماعت سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے نوتقررشدہ امیرحلقہ تلنگانہ ڈاکٹرمحمدخالدمبشرالظفرکے حق میں دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس اہم ذمہ داری کوبحسن وخوبی ادا کرنے کی توفیق بخشے اورانہیں ضروری استعداد وصلاحیت اور صحت وتوانائی عطا فرمائے۔ساتھ ہی سابق امیرحلقہ جناب حامدمحمدخان کی خدمات کو سراہتے ہوئے دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ آپ کی تگ ودواور جہدوسعی کو قبول فرمائے اورذخیرہئ آخرت بنائے۔واضح رہے کہ جناب حامدمحمدخان اس سے قبل دو میقات2015تا2019اور2019تا2023 امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ رہ چکے ہیں۔ بحیثیت امیرحلقہ تلنگانہ آپ کی خدمات بے مثال رہی ہیں۔

پریس سکریٹری

Read More

پولیس کی اذیت رسانی سے فوت ہونے والے قدیر خان اور ان کے خاندان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ

پریس نوٹ

پولیس کی اذیت رسانی سے فوت ہونے والے قدیر خان اور ان کے خاندان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمد خان کا اظہار رنج

متوفی کی اہلیہ کو50لاکھ روپئے ایکس گریشیاء اور سرکاری ملازمت فراہم کی جائے

چیف جسٹس ہائی کورٹ تلنگانہ کااز خود سماعت کا فیصلہ خوش آئند

پولیس کی حراست میں مبینہ تشد د کی وجہہ سے فوت ہونے والے میدک کے متوطن قدیر خان کی موت پرشدید غم و غصہ کا اظہار کر تے ہوئے امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک‘ غیر انسانی اور قابل مذمت قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے قدیر خان پر جس طرح پولیس نے ظلم و ستم ڈھایا ہے اس سے میدک پولیس کے متعصبانہ رویہ کا اظہار ہو تاہے اور تلنگانہ پولیس کی فرینڈلی پولیسنگ کے ادعا کی قلعی اس واقعہ سے کھل گئی ہے۔ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ شبہ کی بنیاد پر اس طرح زدو کوب اور اذیت رسانی جس سے کہ موت واقع ہو جائے غیر انسانی اور وحشتناک عمل ہے اُنہوں نے چیف جسٹس ہائی کورٹ تلنگانہ کی جانب سے ازخود سماعت کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس معاملہ میں متوفی اور اس کے خاندان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا اور جن پولیس اہلکاروں کو یہ گھناؤنا عمل کیا ہے اُن کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔امیر حلقہ نے حکومت‘ انتظامیہ بالخصوص وزیر اعلیٰ کے سی آر اور وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی سے بھی مطالبہ کیا کہ تحقیقات کے دوران غیر جانبدارانہ طرز عمل اختیار کیا جائے اور خاطی افراد خواہ وہ کسی بھی منصب پر فائز ہوں سخت کاروائی کی جائے۔ تا کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے۔مولانا حامد محمد حان نے حکومت سے  متوفی قدیرخان کے اہل خانہ کو50 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء ادا کرنے اوراہلیہ کو سرکاری ملازمت دینے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی شاخ میدک کے امیر مقامی جناب محمد فاضل حسین و دیگر ذمہ داران بھی واقعہ کے علم میں آنے کے بعدمتوفی قدیر خان کے ارکان خاندان سے ربط میں ہیں اور ہر ممکنہ تعاون کرر ہے ہیں۔

Read More