معین آباد عصمت ریزی و قتل واقعہ کی متاثرہ کے اہل خانہ سے جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے وفد کی ملاقات
خاطی کو کیفرکردار تک پہنچانے اور متوفیہ کے ساتھ جلد انصاف کا مطا لبہ : امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان
Press Note
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے ایک وفد نے امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں معین آباد میں کل پیش آئے عصمت ریزی و قتل واقعہ کی متاثرہ کے افراد خاندان سے انکے گھر پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کی پرسہ دیا اور مالی امداد بھی کی۔اسکے علاوہ متعلقہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی مانگ کی۔واضح رہے کہ اس واقعہ کو ابتد اء میں خودکشی بتانے کی کوشش کی جارہی تھی لیکن مقامی عوام اور میڈیا نے واقعہ کی حقیقت کو آشکار کیا۔دراصل مدھو یادو نامی،درندہ صفت شخص کچھ عرصہ سے غریب مسلم لڑکیوں کی معاشی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر انکا استحصال کر رہا تھااور پھر اس نے مبینہ طور پر ایک معصوم لڑکی کو اپنی حوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرتے ہوئے اس واقعہ کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے حکومت،پولیس اور انتظامیہ سے اپیل کی کے نربھئے ہو کر نربھیاء ایکٹ کا خاطی کے خلاف استعمال کیا جائے اور اس گھناؤنے جرم کے مرتکب کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔تاکہ اس غریب مسلم خاندان کے ساتھ انصاف ہواور اسطرح کے واقعات کا مسقبل میں تدارک ہوسکے۔امیر حلقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان جو کہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہا ہے انہیں فوری ایکس گریشیاء دیاجائے اور ڈبل بیڈ روم مکان بھی متوفیہ کی بہن کو دیا جائے جو اس وقت سخت صدمہ سے دوچار ہے۔متوفیہ کے افراد خاندان سے ایک فرد کو نوکری بھی فراہم کی جائے۔ساتھ ہی فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلاتے ہوئے مجرم کو سزا دی جائے اور اس واقعہ میں ملوث دیگر مجرمین کو بھی سامنے لایا جائے۔جماعت اسلامی کے وفد میں جناب محمد اظہر الدین،سکریٹری رابطہ عامہ،جناب ایم این بیگ زاہد،سکریٹری اسلامی معاشرہ،ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری ملی امور،جناب عبدالہادی پٹیل ناظم ضلع وقارآباد،جناب قدرت اللہ و دیگر موجود تھے۔
پریس سکریٹری
جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے نئے شعبہ جات کے سکریٹریز کا تقرر
جناب محمد نصیر الدین جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی اطلاع کے بموجب محترم امیر جماعت اسلامی ہند نے میقات رواں 2019-23 میں نئے شعبہ جات کی بقیہ مدت کیلئے جناب محمد عبدالرقیب حامد لطیفی کا بحیثیت سکریٹری شعبہ فکر اسلامی کا فروغ ‘ ڈاکٹر شیخ عثمان کا بحیثیت سکریٹری شعبہ ملی اُمور اور جناب محمد عبدالمجید صاحب کا بحیثیت سکریٹری شعبہ عالمی اُمور تقرر کیا ہے۔ جبکہ مجلس شوریٰ حلقہ تلنگانہ کی خالی شدہ ایک نشست کے لئے کثرت آراء سے جنا ب عبدالمجید شعیب صاحب کا بقیہ میقات کیلئے بحیثیت رکن شوری انتخاب عمل میں آیا۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان صاحب نے دعاء فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اِن نو تقرر شدہ سکریٹریز و نو منتخب رکن مجلس شوریٰ کو ان اہم ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی ہر پہلو سے ضروری استعداد و صلاحت عطافرمائے۔ اس موقع پر محترم امیرحلقہ نے تمام وابستگان جماعت سے بھی خواہش کی کہ وہ ان ذمہ داران کا اقامت دین کے کاموں میں بھرپور تعاون فرمائیں۔
مرکزی حکومت کسانوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے، اور بل واپس لے
مرکزی حکومت کسانوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے، اور بل واپس لے : امیر حلقہ حامد محمد خان
جماعت اسلامی ہند حالیہ دنوں پارلیمنٹ میں پاس کئے گئے تینوں بل کی مخالفت کرتی ہے۔ کیونکہ وہ بل استحصالی اور کسانوں کے مفاد کے خلاف ہیں۔ ان بلوں کے نتیجہ میں کاشتکاروں کے لئے فصلوں کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ نیز فوڈ سیکورٹی شدید خطرے میں پڑ جائے گی۔ کیونکہ حکومت کی مداخلت ختم ہو جائے گی۔ ہندوستانی اشیائے خوردنی اور کھیتی باڑی کا نظام لالچی کارپوریٹس‘ ملٹی نیشلز اور مارکٹ فورسز کے تابع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب حامد محمد خان نے اپنے صحافتی بیان میں کیا انہوں نے کہاکہ اس طرح سے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے بڑھ جانے سے کسانوں کے استحصال میں اضافہ ہو جائے گا۔ کسانوں کو ایم ایس پی(مینیمم اسپورٹ پرائس)سے کم قیمت پر اپنی فصلیں لوکل مارکٹ میں بیچنے پر مجبور ہو نا پڑے گا۔ وہ خود سے اپنی پیداوار کو دور دراز کے فاصلے تک نہیں بھیج پائیں گے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت ایف سی آئی (فوڈ کارپوریشن آف انڈیا)‘ ایم‘ ایس‘ پی (مینیمم اسپورٹ پرائس)اور پی ٹی ایس (پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم) انفراسٹرکچر کو کمزور اور ختم کرنا چاہتی ہے۔ یہ حکومت شعبہ زراعت کی لگام ایسی طاقتوں کے ہاتھوں میں سونپنا چاہتی ہے جو اس استحصال اور منافع کے سلسلہ کو برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کی ہم مرکزی حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ اس کسان مخالف قانون کو واپس لے اور ایسی پالیسیاں نافذ کرے جو مستقل طور پر ان کی آمدنی میں اضافہ کرے۔ خوراک اور بیج کی سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ زمین کی مالکانہ اصلاحات کا احترام کرے نیز زرعی منڈیوں کی روایتی تجارت کو بحال رکھتے ہوئے اس میں مزید سہولیات کا اضافہ کرے۔ امیر حلقہ تلنگانہ جناب حامد محمد خان نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ کسانوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے اور ان کے خدشات اور اندیشوں کو دور کرے اور یہ بل واپس لے نیز ان کے نمائندوں سے گفتگو کرے۔
پریس سکریٹری
ملت ایک دردمنداورمخلص،سماجی جہدکارسے محروم
محترم جناب خواجَہ معین الدین صاحب سابق صدرایم پی جے تلنگانہ کاسانحہ ارتحال
ملت ایک دردمنداورمخلص،سماجی جہدکارسے محروم،امیرحلقہ مولانا حامدمحمدخان کا اظہار تعزیت
محترم جناب خواجَہ معین الدین صاحب صابق صدر موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس(ایم.پی.جے) تلنگانہ کا مختصر علالت کے بعدکیئرہاسپٹل نامپلی میں 12/سپٹمبر2020 بروز ہفتہ انتقال ہوگیا۔مرحوم انتہائی نیک‘ہمدرد‘انسان دوست‘ شریف النفس،مخلص وملنساراورپریشان حال مظلوم قیدیوں کے مسیحا،انتہائی قابل، تلگو اور انگریزی زبان کے ماہر شخصیت وسماجی جہدکارتھے۔ مرحوم،خواجَہ معین الدین صاحب کے انتقال پرامیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ محترم حامدمحمدخان ودیگرذمہ داران جماعت اسلامی ہندنے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دُعائے مغفرت کی ہے۔ امیرحلقہ مولانا حامد محمدخان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم خواجَہ معین الدین صاحب ایم.پی.جے کے تاسیسی رکن تھے خصوصاً 2009 میں جس وقت تحریک تلنگانہ میں ایم.پی.جے نے تاریخی کرداراَدا کیاتھا اُسوقت خواجَہ معین الدین صاحب نے اپنا بھرپورتعاون پیش کیا۔جس وقت مرکزی حکومت کی جانب سے کمیونل وائلنس بل سے متعلق تجاویز طلب کی گئیں تھیں اُسوقت ایم پی جے کی جانب سے جن تجاویز اورمشوروں کو پیش کیاگیااُسے نہ صرف حکومت نے قبول کیا بلکہ جواباً شکریہ کا خط بھی روانہ کیا۔ اس ڈرافٹ کے تیارکرنے میں موصوف نے اہم کردار اَدا کیاتھا۔ مرحوم کا تعلق ضلع کریم نگر سے تھا جہاں انہوں نے دعوتی وفلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مرحوم خواجَہ معین الدین نے اپنی ایم پی جے کی وابستگی کے دوران جیلوں سے بے یارومددگارقیدیوں کورہا کروانے ان کا جرمانہ اداکرنے اور ان کی بازیابی کے لیے انتھک محنت کی۔مولانا حامدمحمدخان نے کہا کہ خواجَہ معین الدین صاحب کے انتقال سے ملت ایک دردمنداورمخلص شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ موصو ف پابند نظم جماعت اسلامی ہندکے رکن تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ 13/سپٹمبر2020 بروز اتوار مرکز مسجدملے پلی میں ادا کی گئی اور تدفین بازارگارڈ حیدرآباد قبرستان میں عمل میں آئی۔اہلیہ کے علاوہ پسماندگان میں تین فرزندان اورایک دخترشامل ہیں۔مزید تفصیلات کے لیے مرحوم کے فرزندڈاکٹرمنیرالحق سے موبائل نمبر9346236150یافون نمبر040-23346150 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔